پاکستان کے اسٹار جیولن تھروور اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے 21 اگست کو شیڈول لوزان ڈائمنڈ لیگ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ارشد ندیم کامن ویلتھ گیمز کے بعد مقابلوں کے بجائے بیرونِ ملک ٹریننگ پر توجہ دیں گے۔ وہ اس وقت لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم میں بھرپور تربیت کر رہے ہیں اور ویزا ملنے کے بعد پہلی دستیاب پرواز سے جنوبی افریقہ روانہ ہوں گے۔
مزید پڑھیں:اولمپیئن ارشد ندیم نے انعامات کی حقیقت بتا دی
ارشد ندیم جنوبی افریقہ کے شہر پوچیفسٹروم میں 2 ہفتے تربیتی کیمپ میں حصہ لیں گے۔ وہ اس مقام پر اس سے قبل بھی 2 مرتبہ تربیت حاصل کر چکے ہیں۔
28 سالہ ارشد ندیم کا نام ابتدائی طور پر لوزان ڈائمنڈ لیگ کی انٹری لسٹ میں شامل تھا، تاہم اب انہوں نے مقابلے کے بجائے ٹریننگ کو ترجیح دی ہے۔
جنوبی افریقہ کے تربیتی کیمپ کے بعد ارشد ندیم 6 سے 14 ستمبر تک ہنگری کے شہر بڈاپسٹ میں ہونے والی ورلڈ ایتھلیٹکس الٹی میٹ چیمپیئن شپ میں شرکت کریں گے، جس کے بعد ایشین گیمز میں بھی حصہ لیں گے۔
مزید پڑھیں:گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ابھی سے اولمپکس 2028 پر نظریں جمالیں
دوسری جانب گلاسگو 2026 کامن ویلتھ گیمز میں دفاعی چیمپیئن کی حیثیت سے شرکت کرنے والے ارشد ندیم 77.41 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ جیولن تھرو کے فائنل میں 9ویں نمبر پر رہے تھے۔ وہ ابتدائی 3 راؤنڈز کے بعد ٹاپ 8 میں جگہ نہ بنا سکے اور فائنل سے باہر ہوگئے۔













