بھارت کے شہر موہالی کی ایک ڈاکٹر کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہے جس میں انہوں نے ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ بعض اوقات کچھ مریض ڈاکٹر سے مشورہ لینے کے لیے فیس ادا کرنے سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نقلی ڈگری مگر خواتین کو اصلی خطرہ، آسام میں جعلی گائناکالوجسٹ پکڑا گیا
جلد کے علاج کی ماہر ڈاکٹر پربھلین کور نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے اپنے کلینک میں پیش آنے والے ایک واقعے کا ذکر کیا۔
ڈاکٹر کے مطابق ایک خاتون کلینک آئیں اور بتایا کہ وہ لیزر ٹریٹمنٹ کے حوالے سے ڈاکٹر سے بات کرنا چاہتی ہیں۔
کلینک کے عملے نے انہیں آگاہ کیا کہ ڈاکٹر سے ملاقات کے لیے مشاورتی فیس ادا کرنی ہوگی۔ ڈاکٹر پربھلین کور کے مطابق یہ سن کر خاتون وہاں سے چلی گئیں تاہم کچھ دیر بعد وہ اپنے شوہر کے ساتھ واپس آئیں۔
خاتون کے شوہر نے عملے سے کہا کہ وہ ڈاکٹر سے صرف ان کی خیریت دریافت کرنا چاہتے ہیں۔ جب عملے نے پوچھا کہ کیا وہ ڈاکٹر کو جانتے ہیں تو جوڑے نے بتایا کہ وہ ڈاکٹر سے واقف نہیں ہیں۔
عملے نے انہیں بتایا کہ ڈاکٹر سے ملاقات کے لیے مشورہ فیس پھر بھی ادا کرنی ہوگی۔ اس پر خاتون نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا صرف ڈاکٹر کی خیریت پوچھنے کے لیے بھی پیسے دینے ہوں گے؟
مزید پڑھیے: نوسرباز آپ کی آواز چرا سکتے ہیں لیکن ایک راز نہیں جان سکتے، جانیے اے آئی فراڈ سے بچنے کا مؤثر طریقہ
کلینک کے عملے نے جواب دیا کہ اگر خیریت پوچھنے کے بعد وہ لیزر ٹریٹمنٹ کے بارے میں بات کرنا چاہیں تو کیا ہوگا؟ اس پر خاتون نے اعتراف کیا کہ اصل مقصد یہی تھا۔
ڈاکٹر نے صحت کے معاملے میں شارٹ کٹ سے خبردار کردیا
ڈاکٹر پربھلین کور نے اس واقعے کے ذریعے اس بات کی نشاندہی کی کہ بعض لوگ کئی دوسری چیزوں پر رقم خرچ کرنے سے نہیں ہچکچاتے لیکن ڈاکٹر کی پیشہ ورانہ مشاورت کی فیس ادا کرنے سے گریز کرتے ہیں۔
انہوں نے ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ ڈاکٹر سے مشورے سے بچنے کے لیے لوگ ہر حربہ آزماتے ہیں، گوگل، یوٹیوب، گھریلو ٹوٹکے اور ’واٹس ایپ یونیورسٹی‘ تک کا سہارا لے لیتے ہیں لیکن ڈاکٹر کو دکھانے سے گریز کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مذاق اپنی جگہ لیکن صحت کے معاملے میں ہر بار شارٹ کٹ فائدہ مند ثابت نہیں ہوتا۔
مزید پڑھیں: مصنوعی ذہانت نے پہلی بار نئے وائرس ڈیزائن کر دیے، طبی تحقیق میں بڑی پیشرفت لیکن نئے خطرات بھی
ڈاکٹر کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گئی جہاں کئی صارفین نے ڈاکٹر کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ طبی مشورہ ایک پیشہ ورانہ خدمت ہے اور اس کی مناسب قدر کی جانی چاہیے جبکہ کچھ صارفین نے صحت کے اخراجات اور عام لوگوں کے مسائل پر بھی گفتگو کی۔














