کوئٹہ سے عالمی اعزاز تک، شاہزیب رند نے پاکستان کا نام روشن کر دیا

جمعرات 13 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے مکسڈ مارشل آرٹس اور کومبیٹ اسپورٹس کے نامور کھلاڑی شاہزیب رند آج دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان بن چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’شکوہ رنگ لے آیا‘ وزیراعظم سے شاہزیب رند کے والد کی ملاقات، 50 لاکھ کا چیک مل گیا

محدود وسائل، سخت حالات اور ذاتی محنت کے بل بوتے پر عالمی سطح تک پہنچنے والے شاہزیب رند پاکستان کے پہلے فائٹر ہیں جنہوں نے کراٹے کامبیٹ کا عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا۔

9 مئی 1998 کو کوئٹہ میں پیدا ہونے والے شاہزیب رند نے محض 9 برس کی عمر میں ووشو سانڈا کی تربیت شروع کی۔ کیریئر کے ابتدائی دور میں وسائل کی کمی کے باعث انہوں نے ویڈیوز دیکھ کر بھی اپنی تکنیک کو بہتر بنایا اور پھر اس کے بعد انہوں نے امریکا کے معروف دی گوٹ شڈ جم میں کوچ عاصم زیدی کی نگرانی میں پیشہ ورانہ تربیت حاصل کی۔

شاہزیب رند پاکستان کے 3 مرتبہ قومی ووشو چیمپیئن بھی رہ چکے ہیں۔

ستمبر 2024 میں شاہزیب رند نے سنگاپور میں ہونے والے کراٹے کامبیٹ 49 میں برازیل کے برونو ڈی آسیس کو شکست دے کر تاریخ رقم کی اور پاکستان کے پہلے  ورلڈ چیمپیئن بن گئے۔

اس تاریخی کامیابی نے نہ صرف انہیں عالمی سطح پر شہرت دلائی بلکہ پاکستان کا پرچم بھی بین الاقوامی مارشل آرٹس کے میدان میں بلند کیا۔

 

اس کے بعد بھی ان کی کامیابیوں کا سفر جاری رہا۔ جنوری 2025 میں انہوں نے ایڈگرز اسکریورز کو شکست دے کر اپنے اعزاز کا دفاع کیا۔ جولائی 2025 میں برازیل کے لوئز وکٹر روشا کو ٹی کے او کے ذریعے ہرایا جبکہ مئی 2026 میں سابق یو ایف سی فائٹر آندرے ایویل کو ناک آؤٹ کر کے اپنے ناقابل شکست ریکارڈ کو مزید مضبوط بنایا۔

مزید پڑھیے: امریکا میں منعقدہ کراٹے کامبیٹ لیگ میں فرانسیسی کھلاڑی کو شکست دینے والے پاکستانی نوجوان کی کہانی

اس وقت شاہزیب رند کی فتوحات کا ریکارڈ 9 صفر ہے یعنی وہ تمام 9 مقابلے جیت کر اب تک ناقابل شکست ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp