آزاد کشمیر میں حکومت سازی کی تیاریاں، ن لیگ کی ساجد عباسی کو اہم ذمہ داری کی پیشکش

جمعرات 13 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد کشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل کے لیے سیاسی رابطے تیز ہوگئے ہیں، مسلم لیگ ن نے ایل اے 14 غربی باغ سے صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کو شکست دینے والے جموں و کشمیر عوامی دست و بازو کے چیئرمین سردار ساجد اقبال عباسی کو حکومت میں شمولیت کی دعوت دے دی۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور رکن آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی، مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت اور وزیر امور کشمیر کا پیغام لے کر ساجد اقبال عباسی کی رہائش گاہ پہنچے۔ ملاقات کے دوران انہوں نے ساجد اقبال عباسی کو نئی بننے والی آزاد کشمیر حکومت میں شامل ہونے کی باضابطہ دعوت دی۔ اس موقع پر ن لیگ اوورسیز کے رہنما حاجی احسان دانش بھی موجود تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے ساجد اقبال عباسی کو حکومت میں اہم ذمہ داری یا وزارت دینے کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔ تاہم ساجد اقبال عباسی نے فوری طور پر کوئی حتمی فیصلہ کرنے کے بجائے اپنے ساتھیوں سے مشاورت کے بعد جواب دینے کا عندیہ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات: 3 سابق وزرائے اعظم کو شکست، سردار عتیق کا اپ سیٹ سب سے بڑا کیوں؟

ساجد اقبال عباسی نے حالیہ انتخابات میں سردار عتیق احمد خان کو تقریباً 21 ہزار ووٹوں کی بھاری برتری سے شکست دی تھی۔ ان کی کامیابی کو آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ سردار عتیق احمد خان کی شکست کو آزاد کشمیر کی پارلیمانی تاریخ کا بڑا سیاسی اپ سیٹ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

انتخابات میں کامیابی کے بعد اپنے خطاب میں ساجد اقبال عباسی نے نوجوانوں کے لیے 100 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے ساجد اقبال عباسی کو حکومت میں شامل کرنے کی کوشش نئی حکومت کو مزید مضبوط بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ اب ساجد اقبال عباسی کے فیصلے کا انتظار ہے کہ وہ نئی حکومت کا حصہ بنتے ہیں یا اپنے سیاسی پلیٹ فارم کے ساتھ الگ حیثیت میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp