سردار ساجد اقبال نے غربی باغ کا ناقابل تسخیر قلعہ آخر کیسے فتح کیا؟

منگل 18 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 14 غربی باغ سے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کو شکست دے کر کامیابی حاصل کرنے والے نومنتخب رکن اسمبلی سردار ساجد اقبال عباسی نے مسلم لیگ ن کے ساتھ اتحاد کا اعلان کردیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے تعمیر و ترقی کے ویژن کو پسند کرتا ہوں، ساجد اقبال

اسلام آباد میں وزیر امور کشمیر امیر مقام، رانا ثنااللہ، شاہ غلام قادر اور طارق فاروق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ساجد اقبال نے کہاکہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں واضح برتری حاصل کرنے پر مسلم لیگ ن کی قیادت کو مبارکباد دیتا ہوں، اور مسلم لیگ ن کے تعمیر و ترقی کے وژن کو ہمیشہ سے پسند کرتا ہوں۔

’شاہ غلام قادر نے سردار ساجد اقبال کو خوش آمدید کہا‘

اس موقع پر صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے سردار ساجد اقبال کو مسلم لیگ ن میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر مسلم لیگ ن قائد نواز شریف کے وژن کے مطابق علاقے کی تعمیر و ترقی یقینی بنائےگی۔

سردار ساجد اقبال نے اس سے قبل وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام اور رانا ثنااللہ سے ملاقات کی، جس میں حکومتی اتحاد میں شامل ہونے سے متعلق معاملات پر بات کی گئی۔

ذرائع کے مطابق قائد پاکستان مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے ساجد اقبال کو آئندہ کابینہ کا حصہ بنانے کی منظوری بھی دے دی ہے۔

حالیہ آزاد کشمیر انتخابات میں ایل اے 14 غربی باغ کا انتخابی معرکہ خاص طور پر اہم قرار دیا جارہا تھا، جہاں سردار ساجد اقبال نے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان کو شکست دے کر بڑا سیاسی اپ سیٹ کیا۔

غربی باغ کے ناقابل تسخیر سیاسی قلعے کو فتح کرنے کے لیے سردار ساجد اقبال نے کیا حکمت عملی اختیار کی، ’وی نیوز‘ نے یہ جاننے کی کوشش کی ہے۔

غربی باغ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق کا آبائی حلقہ ہے، جہاں سے ان کے والد مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان بھی منتخب ہوتے رہے، جو صدر اور وزیراعظم کے منصب پر فائز رہے۔

’2022 سے 2026 تک حلقے میں مسلسل عوامی رابطہ‘

سردار ساجد اقبال نے 2022 سے 2026 تک اپنے حلقے میں اپنی ٹیم کے ذریعے مسلسل کام کیا اور گراس روٹ لیول تک لوگوں سے رابطہ رکھا۔ اس دوران انہوں نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، عوام کے مسائل سنے اور اپنے وسائل سے ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے۔

حلقے میں عوامی سطح پر رابطے اور مسلسل موجودگی کو ان کی انتخابی کامیابی کے اہم عوامل میں شمار کیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں وہ ایک مضبوط سیاسی حریف کے مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

سردار عتیق احمد خان کو شکست، بڑا سیاسی اپ سیٹ

ایل اے 14 غربی باغ کا انتخابی نتیجہ آزاد کشمیر کی حالیہ پارلیمانی تاریخ کے نمایاں نتائج میں شمار کیا جا رہا ہے۔ سابق وزیراعظم اور صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان ایک طویل سیاسی پس منظر اور مضبوط انتخابی حیثیت رکھنے کے باوجود ساجد اقبال عباسی سے شکست کھا گئے۔

سردار ساجد اقبال کی کامیابی نے حلقہ غربی باغ کی سیاست میں ایک نئی صورتحال پیدا کردی ہے اور ان کے سیاسی کردار کو بھی نمایاں کردیا ہے۔

کامیابی کے فوراً بعد نوجوانوں کے لیے ایک ارب روپے کا اعلان

سردار ساجد اقبال نے الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کے فوراً بعد نوجوانوں کے لیے ایک ارب روپے کے اعلان کا بھی کیا ہے۔

یہ اعلان اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ نومنتخب رکن اسمبلی اپنی آئندہ سیاسی ترجیحات میں نوجوانوں کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں۔

نوجوانوں کے لیے ایک ارب روپے مختص کرنے کا اعلان حلقے میں روزگار، ترقی اور نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

مسلم لیگ ن کے ساتھ اتحاد، نئی سیاسی سمت کا آغاز

انتخابی کامیابی کے بعد سردار ساجد اقبال کی جانب سے مسلم لیگ ن کے ساتھ اتحاد کا اعلان آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال میں بھی اہم پیشرفت ہے۔

حالیہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کو نمایاں کامیابی حاصل ہوئی اور حکومت سازی کے مرحلے میں پارٹی کی پوزیشن مضبوط ہوئی۔ ایسے میں ایل اے 14 غربی باغ سے کامیاب ہونے والے سردار ساجد اقبال کا مسلم لیگ ن کے ساتھ اتحاد پارٹی کی پارلیمانی پوزیشن کو مزید تقویت دینے کا باعث بنے گا۔

سردار ساجد اقبال کی جانب سے مسلم لیگ ن کے ساتھ اتحاد کا فیصلہ ان کے سیاسی سفر میں بھی ایک نئے مرحلے کا آغاز ہے۔ حلقے میں کئی برس تک عوامی رابطے اور اپنی ٹیم کے ذریعے کام کرنے کے بعد اب وہ قانون ساز اسمبلی کے پلیٹ فارم سے اپنے حلقے کے مسائل کے حل اور ترقیاتی اقدامات کو آگے بڑھانے کی پوزیشن میں آگئے ہیں۔

سردار ساجد اقبال کی کامیابی، مسلم لیگ ن کے ساتھ اتحاد اور نوجوانوں کے لیے ایک ارب روپے کے اعلان نے ایل اے 14 غربی باغ کی سیاست میں ایک نئی بحث کا آغاز کردیا ہے۔

اب ان کے سیاسی کردار اور حکومتی اتحاد میں شمولیت سے یہ بات واضح ہوگی کہ وہ اپنے حلقے کے لیے کیے گئے وعدوں اور گزشتہ 4 برس کے عوامی رابطے کو کس طرح عملی ترقیاتی اقدامات میں تبدیل کرتے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سردار ساجد اقبال کا سابق وزیراعظم سردار عتیق کو شکست دینا آزاد کشمیر کے روایتی سیاستدانوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ سیاست کسی کی میراث نہیں ہے۔

ساجد اقبال کی جیت روایتی سیاستدانوں کے لیے پیغام ہے، جاوید اقبال ہاشمی

سینیئر صحافی جاوید اقبال ہاشمی نے سردار ساجد اقبال کی جیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ کچھ لوگ یہ سمجھ رہے تھے کہ غربی باغ کے سیاسی قلعے کو فتح کرنا اتنا آسان نہیں جو غلط ثابت ہوا اور ساجد اقبال آزاد کشمیر بھر میں سب سے زیادہ ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔

انہوں نے کہاکہ سردار ساجد اقبال کی کامیابی ان روایتی سیاستدانوں کے لیے پیغام ہے جو سیاست کو اپنی میراث سمجھتے ہیں، لیکن اب ووٹر کی سوچ بدل چکی ہے، جسے سمجھنا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ حلقہ غربی باغ میں 18 ہزار نیا ووٹر شامل ہوا تھا جس کے فیصلے نے ساری صورت حال کو بدل کر رکھ دیا۔

ساجد اقبال کی جیت میں راجا مہتاب اشرف، شعبان ہاشمی اور جاوید عارف عباسی کا نمایاں کردار

واضح رہے کہ سردار ساجد اقبال کی انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیت کا کریڈٹ ان کی ٹیم کو جاتا ہے جنہوں نے گراس روٹ لیول سے لے کر اوپر تک منظم طریقے سے کام کیا، اور لوگوں کو اس بات پر آمادہ کیاکہ سردار ساجد اقبال کو ووٹ دیا جائے تو وہ عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے، اس ٹیم میں راجا مہتاب اشرف، شعبان ہاشمی اور جاوید عارف عباسی نمایاں چہرے ہیں۔

ساجد اقبال کی الیکشن مہم کے دوران ایک منظم ٹیم نے کام کیا، راجا مہتاب اشرف

سردار ساجد اقبال کی الیکشن مہم کے دوران اہم کردار ادا کرنے والے معروف سماجی رہنما راجا مہتاب اشرف نے وی نیوز کو بتایا کہ سردار ساجد اقبال اپنی ٹیم کے ذریعے حلقے میں ہر جگہ پہنچے اور اپنے عمل سے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ واقعی عوام کے مسائل حل کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ الیکشن مہم کے دوران ایک پوری ٹیم نے وارڈ سطح تک منظم ہوکر کام کیا جس کے نتائج 10 اگست کی شام کو سامنے آگئے۔

پاکستان کے مختلف علاقوں میں مقیم ووٹرز کو پولنگ اسٹیشنز تک پہنچایا، شعبان ہاشمی

سردار ساجد اقبال کی الیکشن مہم کے دوران بحیثیت کوآرڈی نیٹر خدمات انجام دینے والے شعبان ہاشمی نے کہاکہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں مقیم حلقہ غربی باغ کے ووٹرز کو پولنگ اسٹیشنز تک پہنچانے کے لیے ہم نے بھرپور محنت کی۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے پولنگ اسٹیشن وائز ووٹرز کی لسٹیں بنائیں، ان کے ساتھ رابطے کیے اور پھر انہیں الیکشن کے روز وہاں پہنچایا جس کے نتیجے میں ساجد اقبال بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ سردار ساجد اقبال نے ذاتی وسائل سے عوام کے مسائل جس طرح حل کیے وہ اپنی مثال آپ ہے، اب امید ہے کہ وہ حکومتی اتحاد میں شامل ہوکر نہ صرف غربی باغ کا نقشہ بدل دیں گے بلکہ آزاد کشمیر بھر کے نوجوانوں کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp