وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیرِ صدارت پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن ری آرگنائزیشن (ترمیمی) بل 2026 میں رائٹ آف وے کی شقوں کے جائزے سے متعلق کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں مجوزہ ترامیم، موجودہ قانونی فریم ورک اور ٹیلی کمیونیکیشن انفراسٹرکچر سے متعلق مختلف قانونی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شیزہ فاطمہ، وزارتِ قانون و انصاف اور وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
رائٹ آف وے سے متعلق مجوزہ ترامیم کا جائزہ
اجلاس میں رائٹ آف وے سے متعلق مجوزہ ترامیم اور موجودہ قانونی فریم ورک کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ ٹیلی کمیونیکیشن انفراسٹرکچر کی تنصیب اور رائٹ آف وے کے استعمال سے متعلق قانونی امور پر بھی غور کیا گیا۔
اس موقع پر عوامی، مشترکہ ترقیاتی اور نجی املاک کے حوالے سے وفاقی، صوبائی اور مقامی اداروں کے دائرہ اختیار کو واضح کرنے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں نجی ملکیت پر ٹیلی کمیونیکیشن انفراسٹرکچر کی تنصیب کے لیے مالک کی تحریری رضامندی کا طریقہ کار واضح کرنے کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ رائٹ آف وے کے استعمال میں رضامندی، معاوضے اور دیگر قانونی تقاضوں کو واضح کرنے پر غور کیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی ضروریات اور نجی ملکیتی حقوق کے درمیان مناسب توازن یقینی بنانا ضروری ہے۔
انہوں نے کہاکہ شہریوں کے ملکیتی حقوق کے تحفظ کے ساتھ ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کے فروغ کو یقینی بنایا جائے گا۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ رائٹ آف وے سے متعلق قانونی ابہام دور کرکے واضح اور مؤثر قانونی فریم ورک تشکیل دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ رائٹ آف وے کے استعمال کے لیے شفاف، واضح اور قابلِ عمل طریقہ کار ضروری ہے، جبکہ ٹیلی کمیونیکیشن انفراسٹرکچر کی توسیع کے ساتھ املاک کے مالکان کے حقوق کا تحفظ بھی یقینی بنانا ہوگا۔
وفاقی وزیر قانون نے کہاکہ ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کے فروغ کے لیے ایسا قانونی فریم ورک ضروری ہے جو تمام اسٹیک ہولڈرز کے حقوق اور مفادات کا تحفظ کرے۔
نئی ٹیکنالوجیز کو قانونی دائرے میں شامل کرنے کی تجویز
اجلاس میں نئی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو قواعد و ضوابط کے ذریعے قانونی دائرے میں شامل کرنے کی بھی تجویز دی گئی۔
اس کے علاوہ ٹیلی کام کمپنیوں اور متعلقہ پراپرٹی مالکان کی ذمہ داریاں واضح کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی تنصیب کے بعد املاک کی حفاظت، دیکھ بھال اور بحالی سے متعلق ذمہ داریاں واضح کرنے کی ہدایت کی گئی۔
قانونی مسودے کو حتمی شکل دینے کی ہدایت
وفاقی وزیر قانون نے وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کو مجوزہ قانونی مسودے میں ممکنہ قانونی و عملی مسائل دور کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن مجوزہ قانونی مسودے کو حتمی شکل دے کر کمیٹی کے سامنے پیش کرے گی۔














