پاکستان نے اقوام متحدہ کی تخفیف اسلحہ کانفرنس کی صدارت سنبھال لی ہے، سفیر طاہر حسین اندرابی کانفرنس کے اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق تخفیف اسلحہ کانفرنس دنیا کا واحد کثیرالجہتی فورم ہے جہاں تخفیف اسلحہ اور اسلحے پر کنٹرول سے متعلق معاہدوں پر مذاکرات ہوتے ہیں۔ جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر میں ہونے والی کانفرنس میں 65 رکن ممالک شامل ہیں، جن میں تمام جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاستیں بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ: علاقائی تخفیف اسلحہ سمیت پاکستان کی 4 اہم قراردادیں منظور
دفتر خارجہ کے مطابق کانفرنس کے ایجنڈے میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ کا خاتمہ، جوہری جنگ کی روک تھام اور بیرونی خلا کو ہتھیاروں کی دوڑ سے محفوظ رکھنے سمیت اہم معاملات شامل ہیں۔
یہ 2026 کے اجلاس کے لیے کانفرنس کی آخری صدارت ہے، جس کے بعد رواں سال کی کارروائی مکمل ہوجائے گی۔
🔊PR No.2️⃣1️⃣6️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣6️⃣
Pakistan Assumes Presidency of the United Nations Conference on Disarmament
🔗⬇️ pic.twitter.com/7nyXUnX8z0
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) August 17, 2026
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اپنی صدارت کے دوران کانفرنس کی سالانہ رپورٹ اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی پہلی کمیٹی میں متعلقہ قرارداد سے متعلق مذاکرات کی رہنمائی کرے گا۔
پاکستان نے کانفرنس کی صدارت سنبھالتے ہی مشاورت کا عمل شروع کردیا ہے۔ سفیر طاہر حسین اندرابی نے 2026 کے اجلاس کی سابقہ صدارت کرنے والے ممالک کے نمائندوں کے اجلاس کی صدارت کی اور علاقائی گروپوں کے نمائندوں سے بھی مشاورت کی۔
یہ بھی پڑھیں: تخفیف اسلحہ پر پاک یورپی یونین گول میز کانفرنس کا انعقاد
دفتر خارجہ کے مطابق تخفیف اسلحہ کانفرنس اور اس کے پیشرو اداروں نے بین الاقوامی سلامتی سے متعلق اہم معاہدوں پر مذاکرات میں کردار ادا کیا، جن میں حیاتیاتی ہتھیاروں کے کنونشن، کیمیائی ہتھیاروں کے کنونشن اور جامع جوہری تجربات پر پابندی کے معاہدے شامل ہیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ موجودہ اہم عالمی حالات میں پاکستان کی جانب سے کانفرنس کی صدارت سنبھالنا عالمی برادری کے پاکستان کی سفارتی قیادت پر اعتماد اور کثیرالجہتی اسلحہ کنٹرول و تخفیف اسلحہ کے لیے اس کے تعمیری کردار کی عکاسی کرتا ہے۔
ترجمان کے مطابق اس صدارت کے ذریعے پاکستان کو اسلحہ کنٹرول، تخفیف اسلحہ، عالمی امن اور سلامتی سے متعلق عالمی مباحثے میں مرکزی کردار حاصل ہوگا۔














