عمران خان کے لیے این آر او حاصل کرنے کی پی ٹی آئی کی خواہش نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے، خواجہ آصف

منگل 18 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی اپنے قائد عمران خان کے لیے این آر او حاصل کرنے کی خواہش اب نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہاکہ آج تحریک انصاف کے بے شمار بانیوں میں سے ایک کو عدلیہ کی جانب سے غیر معمولی ریلیف ملا، اور پارٹی نے جس انداز میں اس فیصلے کا جشن منایا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنے نااہل قائد کو کسی بھی طریقے سے جیل سے باہر لانے کے لیے بے حد بے تاب ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہی وہ شخص ہے جو ماضی میں مطالبہ کرتا رہا کہ دیگر سیاستدانوں کو جیلوں میں ڈالا جائے اور ان کی قید کو مزید سخت بنایا جائے۔

وزیر دفاع نے کہاکہ اس سے بڑھ کر ستم ظریفی کا یوٹرن شاید ہی کوئی ہو سکتا ہے کہ جس شخص کو کبھی ناقابل شکست اور خود ساختہ آئرن مین کے طور پر پیش کیا جاتا تھا، آج اس کی پوری جماعت شدت کے ساتھ مطالبہ کررہی ہے کہ اسے جیل سے اسپتال منتقل کیا جائے۔

خواجہ آصف نے کہاکہ ماضی میں بھی جیلوں میں موجود قیدیوں کے لیے اسپتالوں میں علاج کی سہولت دستیاب رہی ہے اور آج بھی انہیں کوئی اعتراض نہیں کہ عمران خان کو فوری، مؤثر اور مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے کہاکہ تاہم عدالتی فیصلوں پر جشن منانے سے پہلے تحریک انصاف کو اپنے ہی بیانیے میں موجود واضح تضادات کا ضرور جواب دینا چاہیے۔

خواجہ آصف نے کہاکہ یہ قدرت کا انتقام ہے، آج غرور کے ہمالیہ پہاڑوں سے بھی مارگلہ کی پہاڑیاں زیادہ بلند دکھائی دے رہی ہیں۔

وزیر دفاع نے اپنے بیان کے اختتام پر دعا کرتے ہوئے کہاکہ خلوص کے ساتھ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ عمران خان کو تمام بیماریوں سے شفا عطا فرمائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp