ٹرمپ کا ایران سے مذاکرات سے انکار، تہران کا آبنائے ہرمز بند رکھنے پر اصرار

بدھ 19 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ نہ کوئی مذاکرات ہو رہے ہیں اور نہ ہی مستقبل قریب میں کسی بات چیت کا منصوبہ ہے، جبکہ ایران نے واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز اس وقت تک بحری آمدورفت کے لیے نہیں کھولی جائے گی جب تک امریکا ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی ختم، تیل کی پابندیاں اٹھانے، منجمد اثاثے جاری کرنے اور فوجی کارروائیاں بند کرنے سمیت دیگر شرائط پوری نہیں کرتا۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں کہا کہ ایران کے ساتھ کوئی بات چیت یا رابطہ جاری نہیں اور نہ ہی طے شدہ ہے۔ ان کے مطابق امریکی بحری ناکہ بندی پوری طرح نافذ ہے، تاہم آبنائے ہرمز کھلی اور فعال ہے اور اس کے راستے میں موجود تمام سمندری بارودی سرنگیں ہٹا دی گئی ہیں یا ناکارہ بنا دی گئی ہیں۔

ٹرمپ کا یہ بیان ایران کے مؤقف سے متصادم ہے۔ ایرانی پارلیمنٹ میں اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے کہا کہ آبنائے ہرمز اس وقت تک بند رہے گی جب تک امریکا جون میں طے پانے والے عبوری معاہدے کی شرائط پوری نہیں کرتا۔ ان شرائط میں ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی ختم کرنا، تیل پر عائد پابندیاں اٹھانا، ایران کے منجمد اثاثے جاری کرنا اور تمام محاذوں پر فوجی کارروائیاں اور دھمکیاں ختم کرنا شامل ہیں۔

یہ صورتحال ایسے وقت میں پیدا ہوئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان تقریباً 6 ماہ سے جاری تنازع کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں تعطل کا شکار ہو گئی ہیں۔ 17 جون کو ہونے والے مفاہمتی معاہدے میں ایران کے جوہری پروگرام اور امریکی پابندیوں کے حوالے سے وسیع تر معاہدے کے لیے 60 روز کی مدت مقرر کی گئی تھی، جو پیر کو ختم ہوگئی۔ ٹرمپ نے اس مدت میں توسیع کا بھی امکان مسترد کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران سے مذاکرات ہورہے ہیں نہ مستقبل قریب میں کوئی امکان ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

دوسری جانب ایران نے کہا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے اب بھی تیار ہے۔ ایرانی رہبر اعلیٰ کے مشیر محمد مخبر نے کہا کہ ایران مذاکرات کو ہتھیار ڈالنے کے مترادف نہیں سمجھتا۔ ان کے مطابق فوجی دباؤ اور پابندیاں ایران کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں اور تہران اپنی سلامتی، وقار اور اتحادیوں کا دفاع جاری رکھے گا۔

آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث عالمی بحری تجارت بھی متاثر ہو رہی ہے۔ برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق منگل کو ایک بحری جہاز کو آبنائے ہرمز سے نکلتے ہوئے نامعلوم سمت سے آنے والے ایک گولے یا میزائل نما آلے نے نشانہ بنایا، جس سے انجن روم کو نقصان پہنچا اور عملے کا ایک رکن متاثر ہوا۔ عمانی کوسٹ گارڈ نے باقی عملے کی مدد کی۔

متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ اس نے ایران سے داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کا سراغ لگایا، جن کے بارے میں اس کا خیال تھا کہ انہیں سمندری آمدورفت کو نشانہ بنانے کے لیے فائر کیا گیا تھا۔ دونوں میزائل سمندر میں گر گئے۔ ایران نے اماراتی الزام کو بے بنیاد قرار دیا۔

اعداد و شمار کے مطابق پیر کو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کی تعداد اب بھی انتہائی کم، یعنی سنگل ڈیجٹ میں رہی۔ جنگ سے قبل دنیا کے تقریباً پانچویں حصے کے تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل اسی اہم آبی گزرگاہ سے ہوتی تھی۔

تنازع کے باعث عالمی منڈیوں پر بھی دباؤ بڑھ گیا ہے۔ خام تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ہوا، جبکہ عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں کمزوری دیکھی گئی۔ برینٹ خام تیل کی قیمت جنگ کے دوران 126 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہے، جو جنگ سے پہلے کی سطح کے مقابلے میں تقریباً 75 فیصد زیادہ ہے، جبکہ منگل کو برینٹ فیوچرز معمولی اضافے کے ساتھ 91 ڈالر فی بیرل سے کچھ اوپر بند ہوئے۔

امریکی حکام نے بھی ایران پر اقتصادی دباؤ مزید بڑھانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں تہران کے خلاف مزید اقدامات کرسکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

گرمیوں میں دریائے زرد کے کنارے سیاحت مقبول، نئی شاہراہوں نے سفر آسان بنا دیا

پائلٹس اور فضائی میزبانوں کو  کینسر کی بعض مہلک اقسام سے خطرہ زیادہ ہوسکتا ہے، ہارورڈ تحقیق

عامر خان نے ثروت گیلانی سے معین اختر کے پروگرام کی تمام اقساط کیوں مانگیں؟ اداکارہ کا اہم انکشاف

نئی آٹو پالیسی پر حکومت میں اتفاق رائے، سی کے ڈی ڈیوٹی میں کمی اور ایف ای ڈی بڑھانے کی تجویز

2025 پاک بھارت جنگ: بھارت کی بیانیہ سازی کی کوششوں کو عالمی سطح پر پذیرائی نہ مل سکی

ویڈیو

وی ایکسکلوسیو: عمران خان بیمار ہیں تو انہیں طبی سہولیات ملنی چاہییں، رانا احسان افضل

پاکستان میں خواتین معذوری کے ساتھ کن مسائل کا سامنا کرتی ہیں؟

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران کو ’سفید جھنڈا لہرانے‘ کا مشورہ، ایرانی حکام کو ماہر کھلاڑی بھی قرار دے دیا

کالم / تجزیہ

سپمورن سنگھ کالرا سے گلزار تک

وزیر اعلیٰ اسلام آباد کا اقتدار کب ختم ہوگا؟

انتقال کے 29 برس بعد