آزاد کشمیر، پیپلز پارٹی نے خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست بلاول بھٹو کو ارسال کردی

بدھ 19 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما اور آزادکشمیر امور کی انچارج فریال تالپور کی زیرصدارت ہوا، جس میں خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے امیدواروں کے ناموں پر غور کے بعد حتمی فہرست چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ارسال کردی گئی۔

پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس منگل کی شام پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما اور آزادکشمیر امور کی انچارج محترمہ فریال تالپور کی زیرصدارت ہوا، جس میں مرکزی رہنما چوہدری محمد ریاض بھی شریک ہوئے۔

مزید پڑھیں:بلاول بھٹو کی ’الٹی گنتی‘ کے بیان کے بعد پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے تعلقات میں کیا تبدیلی آئی؟

اجلاس میں پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین، چوہدری یاسر سلطان، سردار ضیاء القمر، سردار جاوید ایوب، سید بازل نقوی، عبدالماجد خان اور قاسم مجید نے شرکت کی، جبکہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور، میاں عبدالوحید، عامر عبدالغفار لون اور مختار احمد عباسی اجلاس میں شریک نہیں ہوسکے۔

12 خواتین کے ناموں پر غور

ذرائع کے مطابق اجلاس میں خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے 12 ناموں پر غور کیا گیا اور حتمی سفارشات چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ارسال کردی گئیں، جن کی جانب سے آج منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق امیدواروں میں سابق ڈپٹی اسپیکر شاہین کوثر ڈار، شگفتہ نورین کاظمی، افرا شہزادی، فرزانہ یعقوب، نبیلہ ایوب، صدف شیخ، شازیہ اکبر، زوبیہ خورشید راجا، میمونہ حبیب جرال، سدرہ لطیف، شاہ بانو ظفر اور گلزار فاطمہ کے نام شامل ہیں۔

پیپلزپارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے آج بدھ کو 2 حتمی ناموں کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔

مخصوص نشستوں پر کاغذات نامزدگی 20 اگست کو جمع ہوں گے

یاد رہے کہ مخصوص نشستوں کے لیے کل 20 اگست کو کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے۔ قانون ساز اسمبلی کی موجودہ پوزیشن کے مطابق خواتین کی 5 نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) کو 3 جبکہ پیپلزپارٹی کو 2 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں:آزادی محض سرزمین کے حصول کا نام نہیں بلکہ عوام کے حقوق کا وعدہ پورا  کرنا  بھی ہے، بلاول بھٹو کا پیغام

ٹیکنوکریٹ، علماء و مشائخ اور اوورسیز کی تینوں نشستیں بھی مسلم لیگ (ن) حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بھی آج یا کل امیدواروں کا اعلان متوقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp