ٹک ٹاک اپنے صارفین کو نجی پیغامات کے دوران ایک دوسرے کو رقم بھیجنے کی سہولت دینے کی تیاری کررہا ہے۔
بلوم برگ کے مطابق ٹک ٹاک کی امریکی آئی فون ایپ میں موجود کوڈ سے ایسے فیچر کے شواہد ملے ہیں، جس کے ذریعے صارفین ٹک ٹاک پے کے تحت ایک دوسرے کو براہ راست رقم بھیج سکیں گے۔ یہ فیچر ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: طلبہ کو ہم جماعتوں سے جوڑنے کے لیے ٹک ٹاک کا نیا فیچر ’کیمپس ویریفکیشن‘ متعارف
دستیاب کوڈ کے مطابق صارفین کو اپنی بھیجی گئی رقم کی منتقلی سے متعلق اطلاعات موصول ہوں گی، جبکہ رقم وصول کرنے والے صارف کو مقررہ مدت ختم ہونے سے پہلے ایک بٹن دبا کر ادائیگی قبول کرنا ہوگی۔
نئے فیچر میں صارفین کو ہر ادائیگی کے ساتھ وضاحتی تحریر شامل کرنے کی سہولت بھی دی جاسکتی ہے، جیسا کہ بعض دیگر رقم منتقلی کی خدمات میں موجود ہے۔
اس خبر کے بعد ادائیگیوں کے شعبے سے وابستہ بعض کمپنیوں کے حصص میں کمی دیکھی گئی، جن میں پے پال اور ویسٹرن یونین بھی شامل ہیں۔
ٹک ٹاک پے اس وقت جنوب مشرقی ایشیا کی بعض مارکیٹوں، جن میں ملائیشیا اور ویتنام شامل ہیں، میں ٹک ٹاک شاپ کے ذریعے کام کررہا ہے۔ امریکا میں ٹک ٹاک شاپ ادائیگیوں کے لیے پے پال، ایپل پے، گوگل پے، کلارنا، افِرم اور کریڈٹ کارڈز سمیت مختلف ذرائع استعمال کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک نے پاکستان میں چھوٹے کاروبار کی تشہیر کے لیے نیا فیچر متعارف کرا دیا
ٹک ٹاک کی ترجمان نے بلوم برگ کو بتایا کہ فی الحال کسی بھی مارکیٹ میں اس فیچر کی آزمائش نہیں کی جارہی۔
ٹک ٹاک کی چینی ہم منصب ایپ دوئین میں پہلے ہی دو صارفین کے درمیان براہ راست رقم کی منتقلی کے لیے دوئین پے کی سہولت موجود ہے، اس لیے ٹک ٹاک کے لیے اس نوعیت کی سروس کا تصور نیا نہیں ہے۔
سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز پر صارفین کے درمیان براہ راست رقم کی منتقلی کا رجحان پہلے سے موجود ہے۔ فیس بک میسنجر نے امریکا میں 2015 سے یہ سہولت فراہم کر رکھی ہے، جبکہ ایکس نے بھی جولائی میں ادائیگیوں سے متعلق ایک نئی سروس متعارف کرائی تھی۔
ٹک ٹاک کی جانب سے نجی پیغامات کے اندر براہ راست رقم کی منتقلی کی سہولت متعارف کرانے سے پلیٹ فارم کے مالیاتی خدمات کے شعبے میں مزید توسیع کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔














