جارجینا نے رونالڈو سے شادی پر کتنے کروڑ کے زیورات پہنے؟ حیران کن تفصیلات سامنے آگئیں

منگل 18 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پرتگالی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو سے شادی کے موقع پر جارجینا روڈریگز نے کروڑوں ڈالر مالیت کے قیمتی ہیرے پہن کر سب کی توجہ حاصل کرلی۔

11 اگست 2026 کو پرتگال کے شہر کاسکائس میں ہونے والی نجی تقریب میں جارجینا نے روایتی عروسی لباس کے بجائے سفید رنگ کا خصوصی Gucci سوٹ زیب تن کیا جس کے ساتھ چوپارڈ (Chopard) کی مشہور Garden of Kalahari ہائی جیولری کلیکشن کے ہیرے پہنے۔

رپورٹس کے مطابق جارجینا کے زیورات کی مجموعی مالیت تقریباً 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر بتائی گئی ہے تاہم مختلف رپورٹس میں اس کلیکشن کی قیمت 5 کروڑ ڈالر سے زائد بھی بیان کی گئی ہے، اس لیے حتمی مالیت کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔

ان زیورات میں سب سے نمایاں 50 قیراط کا ہیرا جڑا ہار تھا، جو اس سے قبل معروف گلوکارہ بیونسے بھی پہن چکی ہیں۔ اس کے علاوہ جارجینا نے اسی کلیکشن سے جڑے نمایاں کانوں کے زیورات، بریسلٹ اور انگوٹھیاں بھی پہنیں۔ مجموعی طور پر ان کے برائیڈل جیولری لک میں 250 قیراط سے زائد ہیرے شامل ہونے کی اطلاعات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: رونالڈو نے شاہانہ شادی کے بجائے گھر کے ڈرائنگ روم کو کیوں چنا؟ جارجینا نے راز کھول دیا

جارجینا کا شاندار جیولری لک شادی کی تقریب تک محدود نہیں تھا۔ شادی کی صبح ورزش کے دوران بھی وہ ایک غیر معمولی بریسلٹ پہنے نظر آئیں۔ رپورٹس کے مطابق اس بریسلٹ میں 21 قیراط اور 14.7 قیراط کے دو ایمیرلڈ کٹ ہیرے جڑے ہوئے تھے۔

Garden of Kalahari کلیکشن کے یہ قیمتی زیورات ایک بڑے خام ہیرے سے تیار کیے گئے تھے، جو بوٹسوانا کی کرووے کان سے دریافت ہوا تھا۔ 342 قیراط وزنی اس خام ہیرے کو ’Queen of Kalahari‘ کا نام دیا گیا اور بعد ازاں اسے تراش کر 23 مختلف ہیروں میں تبدیل کیا گیا۔ ان میں سے پانچ ہیرے 20 قیراط سے زیادہ وزن رکھتے ہیں اور کلیکشن کے نمایاں ترین پتھروں میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کرسٹیانو رونالڈو اور جورجینا روڈریگیز کی شادی کن شرائط پر ہوئی؟

جارجینا کے شادی کے زیورات میں شامل 50 قیراط کا مرکزی ہیرا اپنی غیر معمولی کوالٹی کے باعث بھی خاص اہمیت رکھتا ہے۔ اسے D رنگ اور Flawless clarity کا حامل بتایا گیا ہے جو سفید ہیروں کی اعلیٰ ترین درجہ بندی میں شمار ہوتے ہیں۔

جارجینا اور رونالڈو نے تقریب کو انتہائی نجی رکھا۔ دونوں نے پرتگال میں اپنے گھر پر قریبی اہل خانہ اور بچوں کی موجودگی میں شادی کی، جبکہ بعد ازاں فاطمہ کے مقدس مقام پر نجی مذہبی دعائیہ تقریب میں بھی شرکت کی۔

جارجینا کے سفید Gucci سوٹ اور انتہائی قیمتی ہیروں کے امتزاج نے ان کے برائیڈل لک کو منفرد بنا دیا جہاں لباس سادہ تھا لیکن زیورات نے پوری تقریب میں شاہانہ جلوہ بکھیر دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp