گوگل کی تقریب رونمائی، نئے آپریٹنگ سسٹم اور متعدد آلات پیش کیے جائیں گے

بدھ 19 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گوگل نے نئے گوگل بک پلیٹ فارم کی تقریبِ رونمائی کی تاریخ کی تصدیق کردی، جس کے مطابق خصوصی تقریب 15 ستمبر کو نیویارک میں ہوگی۔

گوگل کی جانب سے تقریب کا اعلان کئی ہفتوں سے جاری قیاس آرائیوں کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس سے قبل امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ گوگل اپنی نئی لیپ ٹاپ مصنوعات برلن میں ہونے والی آئی ایف اے 2026 نمائش کے دوران متعارف کرا سکتا ہے، تاہم کمپنی نے اس مقصد کے لیے الگ تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مصنوعی ذہانت سے لیس ’گوگل بک‘ متعارف، قیمت کیا ہے؟

آئی ایف اے 2026 کا آغاز 4 ستمبر کو برلن میں ہوگا، لیکن گوگل نے نئی مصنوعات کو دیگر کمپنیوں اور نمائش کنندگان سے الگ رکھتے ہوئے انہیں اپنی خصوصی تقریب میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تقریب کے دوران گوگل کی اعلیٰ انتظامیہ نئے پلیٹ فارم کے آپریٹنگ سسٹم کی تفصیلات پیش کرے گی۔ یہ نیا نظام کروم او ایس اور اینڈرائیڈ کے مختلف عناصر کو یکجا کرکے تیار کیا گیا ہے۔

تقریب میں شرکا کو مختلف کمپنیوں کے تیار کردہ آلات کا عملی مشاہدہ کرنے کا موقع بھی دیا جائے گا۔ رپورٹس کے مطابق تقریب میں تقریباً 8 آلات پیش کیے جائیں گے، جن میں زیادہ تر روایتی انداز کے لیپ ٹاپ ہوں گے جبکہ کم از کم 1 ٹیبلیٹ بھی شامل ہوگا۔؎

یہ بھی پڑھیں: کیا پاکستان میں تیارکردہ گوگل کروم بک مارکیٹ میں آنے والی ہے؟

نئے آلات میں گوگل کی مصنوعی ذہانت پر مبنی جیمِنائی ٹیکنالوجی کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگی۔ ان آلات کے ڈھکن پر ایک منفرد روشنی پٹی بھی دی جائے گی، جسے گلو بار کا نام دیا گیا ہے۔

گزشتہ پکسل بک ماڈلز کے برعکس گوگل اس مرتبہ خود گوگل بک کے آلات تیار نہیں کرے گا۔ ابتدائی مرحلے میں نئی مصنوعات 5 مختلف ہارڈویئر کمپنیوں کے تعاون سے تیار کی جائیں گی۔

ان کمپنیوں میں ایسر، ایسوس، ڈیل، ایچ پی اور لینوو شامل ہیں۔

حالیہ ہفتوں کے دوران سامنے آنے والی لیکس اور تصاویر میں ان کمپنیوں کے تیار کردہ بعض ممکنہ آلات کی جھلک بھی سامنے آچکی ہے۔ ان تمام مصنوعات میں گلو بار اور جیمِنائی سے متعلق خصوصی ہارڈویئر کنٹرولز سمیت ایک مشترکہ ڈیزائن زبان نظر آنے کی توقع ہے۔

15 ستمبر کو ہونے والی تقریب سے گوگل کے نئے کمپیوٹنگ پلیٹ فارم اور اس سے وابستہ آلات کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp