پنجگور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 5 دہشتگرد ہلاک

جمعرات 20 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے کلی سوران میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دہشتگرد موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر ایک بڑے دہشتگرد حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، جنہیں سیکیورٹی فورسز نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے نشانہ بنایا۔

سیکیورٹی فورسز نے ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ و گولہ بارود، 3 گاڑیاں، 2 موٹر سائیکلیں اور ایک دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) برآمد کیا، جبکہ کالعدم تنظیم کا جھنڈا بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:جس قوم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار جانیں قربان کیں، وہ دہشتگردی کی حمایت کیسے کرسکتی ہے؟ عطا تارڑ

ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد ڈکیتی، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ سمیت جرائم میں ملوث تھے اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی بھی کر رہے تھے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پنجگور آپریشن کی کامیابی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کارروائی کے ذریعے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف متحد اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان سے دہشتگردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ 2 روز قبل بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 9 دہشتگرد ہلاک کیے گئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp