آزاد کشمیر اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے امیدوار آمنے سامنے

جمعرات 20 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں کے لیے انتخابی عمل آگے بڑھ گیا ہے، الیکشن شیڈول کے مطابق امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیے، جس کے بعد مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے درمیان بیشتر نشستوں پر براہِ راست مقابلے کی صورتحال سامنے آگئی ہے۔

مخصوص نشستوں میں خواتین کے لیے 5 نشستیں جبکہ علماء و مشائخ، اوورسیز کشمیریوں اور ٹیکنوکریٹ کے لیے ایک، ایک نشست شامل ہے۔

مزید پڑھیں:آزاد کشمیر میں انتخابات کا تیسرا مرحلہ، پونچھ ڈویژن کے 4 حلقوں میں پولنگ جاری، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

ٹیکنوکریٹ نشست پر مقابلہ

ٹیکنوکریٹ کی مخصوص نشست کے لیے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بیرسٹر افتخار علی گیلانی نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کی طرف سے صاحبزادہ ذوالفقار امیدوار ہیں۔

علماء و مشائخ کی نشست

علماء و مشائخ کی مخصوص نشست پر بھی دونوں بڑی جماعتوں کے امیدوار مدمقابل ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پیر مظہر سعید جبکہ پیپلز پارٹی کی طرف سے حافظ طارق محمود نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

اوورسیز نشست پر ن لیگ کا امیدوار

اوورسیز کشمیریوں کے لیے مختص مخصوص نشست پر مسلم لیگ (ن) نے چوہدری عبدالرحمان آرائیں کو امیدوار نامزد کیا ہے، جنہوں نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔ اس نشست پر پیپلز پارٹی کی جانب سے کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا۔

مزید پڑھیں:آزاد کشمیر کی مخصوص نشستوں پر پولنگ 24 اگست کو، امیدواروں کے نام بھی سامنے آگئے

خواتین کی 5 نشستوں پر بھی مقابلہ

خواتین کی 5 مخصوص نشستوں کے لیے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سحرش قمر، مریم کشمیری، مریم ادریس اور رفعت عابد نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کی جانب سے شاہین کوثر تارڑ، زوبیہ خورشید راجہ اور فرزانہ یعقوب کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔
مخصوص نشستوں پر امیدواروں کے درمیان حتمی مقابلے اور کامیابی کا فیصلہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی شیڈول کے تحت کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال سمیت دیگر مراحل مکمل ہونے کے بعد ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp