وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دہشتگردی کا شکار افراد کی یادگار کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید اور غازی شہریوں، افسران اور سیکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس، افغان باشندوں کے انخلا سمیت دیگر امور کا جائزہ
مریم نواز شریف نے دہشتگردی کے شکار افراد کے اہلخانہ کے حوصلوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے متاثرین کی بحالی کے لیے پرخلوص دعا گو ہیں۔ انہوں نے دہشتگردی کے شکار غازیوں اور شہیدوں کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہ چھوڑنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ افواج پاکستان، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکار دہشتگردی کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں۔ پاکستان کے شہری دنیا میں سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار ہوئے ہیں، دہشتگردی سے متاثرہ افراد اور ان کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کا بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے لیے 10 ارب روپے کی معاونت کا اعلان
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا کوئی مذہب، کوئی وطن اور کوئی زبان نہیں ہوتی، ہمیں ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں امن، محبت اور رواداری کا راج ہو۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ نفرت کے بیانیے کو شکست دے کر امن کی شمع کو روشن رکھنا ہوگا۔














