بالی ووڈ اداکار سلمان خان سے منسلک جم کی نئی دہلی کے علاقے گریٹر کیلاش میں شاخ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، تاہم جم میں موجود تمام افراد کو بروقت بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ 20 اگست کی رات تقریباً سوا 10 بجے پیش آیا، جب گریٹر کیلاش میں سلمان خان سے منسلک جم میں آگ لگنے کی اطلاع فائر بریگیڈ کو دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:سلمان خان قانونی مشکل میں، 3 کروڑ روپے کے تنازع پر عدالت نے طلب کرلیا
پولیس اہلکار فائر بریگیڈ سے پہلے موقع پر پہنچ گئے اور احتیاطی طور پر جم میں موجود تمام افراد کو باہر نکال لیا۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ آگ لگنے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، تاہم ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ کو ممکنہ وجہ قرار دیا جارہا ہے۔
View this post on Instagram
رپورٹس کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی بڑے پیمانے پر مالی نقصان کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
سلمان خان کی سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات
سلمان خان کی سیکیورٹی کے حوالے سے یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند ہفتے قبل ممبئی میں ان کی رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر ڈیوٹی انجام دینے والے ایک سیکیورٹی اہلکار کی اچانک موت ہوگئی تھی۔ پولیس کے مطابق اہلکار کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔
سلمان خان کو مبینہ دھمکیوں کے باعث سخت سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ ان دھمکیوں کو گینگسٹر لارنس بشنوئی سے منسلک کیا جاتا ہے، جس نے اداکار کے خلاف متعدد مرتبہ دشمنی کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:’ہر طرف گندگی اور صرف ایک بیت الخلا‘، سلمان خان نے جیل میں گزرے دنوں کا حال سنا دیا
سلمان خان کی سیکیورٹی میں اپریل 2024 میں ان کی ممبئی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کے واقعے کے بعد مزید اضافہ کیا گیا تھا۔ تحقیقات میں اس حملے کو مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گروہ سے جوڑا گیا تھا۔
سلمان خان کی نئی فلم
دریں اثنا، سلمان خان آئندہ فلم ’مونسٹر‘ میں جلوہ گر ہوں گے، جسے عید 2027 پر عالمی سطح پر پیش کیے جانے کی تیاری ہے۔
’مونسٹر‘ سلمان خان کی معروف تیلگو فلم ساز دل راجو اور ہدایت کار وامشی پائڈیپلی کے ساتھ پہلی مشترکہ فلم ہوگی۔ یہ فلم اس سے قبل ’ایس وی سی 63‘ کے نام سے زیرِ بحث رہی ہے۔














