وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں حالیہ مون سون بارشوں اور ان سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں اور بحالی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے خاندانوں کو مالی امداد فراہم کی جائے۔
مزید پڑھیں:مون سون بارشوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 151 ہوگئی، 8 اگست سے نئے سلسلے کی پیشگوئی، الرٹ جاری
انہوں نے بارشوں اور سیلاب سے مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہونے والے گھروں کے مالکان کی بھی مالی معاونت کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی ترسیل کے نظام اور سڑکوں کی بحالی کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ وفاقی وزراء اور سیکریٹریز کو متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا خود جائزہ لینے اور بحالی کا کام شروع کرانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کی ہدایت
وزیراعظم کی زیرصدارت حالیہ مون سون بارشوں،ان سے ہونے والے نقصانات بارے اجلاس میں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں اور بحالی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔@KulAalam @live_equally @HussainAhmedCh8 pic.twitter.com/DBeHNIfIj7— Media Talk (@mediatalk922) August 22, 2026
انہوں نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے اور ان علاقوں میں اشیائے خورونوش سمیت دیگر ضروری امدادی سامان فوری پہنچانے کی ہدایت کی جہاں رسائی میں مشکلات کے باعث اب تک امدادی سامان نہیں پہنچ سکا۔
وزیراعظم نے آئندہ بارشوں اور سیلاب کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو امدادی کارروائیوں کے لیے مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو مون سون 2026ء کے اثرات اور صوبوں و این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک کے تمام متاثرہ علاقوں میں سیلاب متاثرین کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے، جبکہ مزید بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کی ٹیمیں عوام کی مدد کے لیے تیار ہیں۔
مزید پڑھیں:ملک میں مون سون کی تباہ کاریاں جاری، چوتھے اسپیل میں جاں بحق افراد کی تعداد 136 ہوگئی
حکام نے بتایا کہ ملک بھر میں مون سون بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں اب تک مجموعی طور پر 615 ٹن امدادی سامان پہنچایا جاچکا ہے جبکہ مزید امدادی سامان بھیجنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
بریفنگ کے مطابق پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ شمالی علاقوں میں ارلی وارننگ سسٹم فعال ہیں، جن کی مدد سے سیلاب آنے سے قبل متعدد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔













