صدر مملکت آصف زرداری سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی الوداعی ملاقات

اتوار 23 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ایوان صدر میں الوداعی ملاقات کی، جس کے دوران صدر مملکت نے پاک سعودی دیرینہ برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کے استحکام کے لیے سعودی سفیر کی خدمات اور تعاون کو سراہا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہاکہ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات کے فروغ، بالخصوص سیاسی، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی اور تزویراتی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے پاکستان کے لیے مملکتِ سعودی عرب کی مستقل حمایت کو بھی سراہا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہاکہ سفیر نواف بن سعید المالکی کے دور میں قائم ہونے والی مضبوط بنیاد آنے والے برسوں میں بھی پاک سعودی عرب دوطرفہ تعاون کی رہنمائی کرتی رہے گی۔

سعودی سفیر کا صدر، حکومت اور عوام سے اظہار تشکر

اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان میں اپنے قیام کے دوران ملنے والی محبت، گرمجوشی اور تعاون پر صدر مملکت، حکومت اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔

سعودی سفیر نے کہاکہ وہ پاکستان اور اس کے عوام کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتے رہیں گے۔

صدر آصف علی زرداری نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کے لیے مستقبل کی ذمہ داریوں میں کامیابی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp