پاکستان کے تاریخی، ثقافتی اور آثار قدیمہ کے 12 اہم مقامات کو یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثے کی عارضی فہرست (Tentative World Heritage List) میں شامل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد ملک کے ان تاریخی مقامات کے عالمی ورثہ بننے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
یونیسکو کے مطابق کسی بھی مقام کو عالمی ورثے کی حتمی فہرست میں شامل کرنے سے پہلے اسے متعلقہ ملک کی Tentative List میں شامل کیا جاتا ہے۔ یہ فہرست ان مقامات کی نشاندہی کرتی ہے جنہیں مستقبل میں عالمی ورثہ قرار دینے کے لیے نامزد کیا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: گلگت بلتستان میں واقع قدیم آثار، خطے کے شاندار ماضی کے آئینہ دار
نئے شامل کیے گئے 12 مقامات میں خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ اور چترال کے تاریخی اور ثقافتی مقامات شامل ہیں۔ ان میں بدھ مت کے آثار، قدیم تہذیبوں کے مراکز، قلعے، مساجد اور منفرد ثقافتی مناظر شامل ہیں۔
1۔ کالاش ویلی کلچرل لینڈ اسکیپ، چترال
خیبرپختونخوا کے ضلع چترال میں واقع کالاش وادی اپنی منفرد ثقافت، روایتی طرز زندگی، تہواروں، لباس، زبان اور قدیم رسوم و رواج کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ کالاش برادری صدیوں سے اس خطے میں آباد ہے اور اس کا ثقافتی منظرنامہ پاکستان کے دیگر علاقوں سے منفرد شناخت رکھتا ہے۔
2۔ کوٹ ڈیجی قلعہ، سندھ
خیرپور میں واقع کوٹ ڈیجی قلعہ سندھ کے تالپور دور کی تعمیرات کا اہم نمونہ ہے۔ یہ قلعہ 18ویں صدی میں تعمیر کیا گیا تھا اور اپنی مضبوط فصیلوں، برجوں اور دفاعی نظام کے باعث تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔ اس کے قریب موجود کوٹ ڈیجی آثار قدیمہ کا تعلق وادی سندھ کی قدیم تہذیب سے بھی جوڑا جاتا ہے۔
3۔ نوکوٹ قلعہ، سندھ
تھر کے علاقے میں واقع نوکوٹ قلعہ صحرائی دفاعی تعمیرات کی ایک نمایاں مثال ہے۔ یہ قلعہ ماضی میں تجارتی راستوں اور علاقائی دفاع کے لیے اہم سمجھا جاتا تھا۔
4۔ عمرکوٹ قلعہ، سندھ
عمرکوٹ قلعہ مغلیہ دور کی تاریخ سے بھی جڑا ہوا ہے۔ روایت کے مطابق مغل بادشاہ اکبر کی پیدائش بھی اسی علاقے میں ہوئی تھی۔ یہ قلعہ راجپوت اور اسلامی طرز تعمیر کے امتزاج کی نمائندگی کرتا ہے۔
5۔ بھامالا بدھ مت کمپلیکس، خیبرپختونخوا
ہری پور کے قریب واقع بھامالا بدھ مت آثار گندھارا تہذیب کی اہم یادگار ہیں۔ یہاں بدھ مت کے قدیم آثار، اسٹوپے اور مجسمہ سازی کے نمونے دریافت ہوئے ہیں، جو خطے میں بدھ مت کے پھیلاؤ اور تاریخی اہمیت کو ظاہر کرتے ہیں۔
6۔ بازیرا: بریکوٹ آثار قدیمہ، سوات
سوات میں واقع بازیرا (Bazira-Barikot) قدیم گندھارا تہذیب کا اہم مرکز تھا۔ ماہرین آثار قدیمہ کے مطابق یہ علاقہ قدیم یونانی، بدھ مت اور وسط ایشیائی تہذیبوں کے رابطے کا اہم مقام رہا ہے۔
7۔ گور کھتری آثار قدیمہ کمپلیکس، پشاور
پشاور کا گور کھتری کمپلیکس خطے کی کئی تہذیبوں کے ادوار کا عکاس ہے۔ یہاں بدھ مت، مغلیہ دور اور بعد کے تاریخی ادوار کے آثار ملتے ہیں۔ یہ مقام پشاور کی ہزاروں سال پرانی تاریخ کو ظاہر کرتا ہے۔
8۔ سیٹھی ہاؤس، پشاور
سیٹھی ہاؤس پشاور کے تاریخی شہر میں واقع ایک شاندار رہائشی عمارت ہے جو 19ویں صدی کے فن تعمیر کی مثال ہے۔ لکڑی کے خوبصورت کام، نقش و نگار اور اندرونی آرائش اسے منفرد ثقافتی ورثہ بناتے ہیں۔
9۔ مائی قمرو مسجد، اسلام آباد
مائی قمرو مسجد، باغ جوگیاں (دریائے سواں کے کنارے، قلعہ پھروالہ کے قریب) میں واقع قریباً 500 سال پرانی ایک تاریخی مسجد ہے۔ اور یہ علاقہ انتظامی طور پر اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کی حدود میں آتا ہے۔ یہ مسجد خطے کے قدیم اسلامی فن تعمیر کی نمائندگی کرتی ہے۔
10۔ پھروالا قلعہ، پنجاب
راولپنڈی کے قریب واقع پھروالا قلعہ گکھڑ دور کی اہم یادگار ہے۔ پہاڑی علاقے میں واقع یہ قلعہ اپنی دفاعی اہمیت اور قدیم طرز تعمیر کی وجہ سے تاریخی مقام رکھتا ہے۔
11۔ روات قلعہ، پنجاب
راوت قلعہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے قریب واقع ایک قدیم قلعہ ہے۔ یہ قلعہ خطے میں گزرنے والے تاریخی راستوں اور مختلف سلطنتوں کے ادوار کی یاد دلاتا ہے۔
12۔ سلطان مقرب خان کا مقبرہ، پنجاب
سلطان مقرب خان کا مقبرہ پنجاب کے تاریخی اسلامی فن تعمیر کا ایک اہم نمونہ ہے۔ اس عمارت میں مقامی تعمیراتی روایات اور اسلامی طرز کے عناصر نظر آتے ہیں۔
پاکستان کے لیے اہمیت
پاکستان اس وقت یونیسکو کی عالمی ورثے کی حتمی فہرست میں 6 مقامات رکھتا ہے، جن میں موہنجودڑو، ٹیکسلا، تخت بھائی، لاہور قلعہ و شالامار باغات، مکلی کے تاریخی آثار اور روہتاس قلعہ شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق نئے 12 مقامات کی شمولیت پاکستان کے تاریخی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرے گی، تاہم عالمی ورثے کی حتمی فہرست میں شامل ہونے کے لیے ان مقامات کے تحفظ، دستاویز سازی اور انتظامی منصوبہ بندی کے سخت مراحل سے گزرنا ہوگا۔
ثقافتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یونیسکو کی شناخت نہ صرف تاریخی مقامات کے تحفظ میں مدد دیتی ہے بلکہ ثقافتی سیاحت، مقامی روزگار اور پاکستان کے مثبت عالمی تشخص کو بھی فروغ دے سکتی ہے۔
ملک کے دیگر علاقوں میں موجود اہم مقامات کو بھی متعارف کرانے کی ضرورت ہے، پروفیسر معیزالدین
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ماہر آثار قدیمہ ڈاکٹر پروفیسر معیزالدین نے کہاکہ عالمی ثقافتی ورثے کی عارضی فہرست (Tentative List) میں پاکستان کے 12 تاریخی اور ثقافتی مقامات کو شامل کرنے کی تجویز ایک اہم اور قابلِ ستائش اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان مجوزہ مقامات میں روات قلعہ پھروالہ قلعہ، مائی قمرو مسجد، سلطان مقرب خان کا مقبرہ، سیٹھی ہاؤس پشاور، گور کھتری آثارِ قدیمہ کمپلیکس، ٹیکسلا کا بھامالا بدھ مت کمپلیکس، سوات کا بازیرا/بریکوٹ آثارِ قدیمہ مقام، سندھ کا کوٹ ڈیجی اور کوٹ ڈیجی قلعہ، نوکوٹ قلعہ، عمرکوٹ قلعہ اور وادی کیلاش کا منفرد ثقافتی منظرنامہ شامل ہیں۔
ڈاکٹر معیزالدین کے مطابق ان مقامات کو یونیسکو کے لیے نامزد کرنے کی کوششیں ان کی تاریخی، ثقافتی اور آثارِ قدیمہ کی اہمیت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد دیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی ورثے کی فہرست میں شامل ہونے کے عمل سے ان سائٹس کے تحفظ، بحالی اور طویل المدتی نگہداشت کے امکانات بھی بہتر ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کے مختلف ادوار کی تہذیبیں، بدھ مت کے آثار، قدیم آبادیاں، اسلامی فن تعمیر اور مقامی ثقافتیں ان مقامات میں محفوظ ہیں، جو ملک کے متنوع تاریخی ورثے کی نمائندگی کرتی ہیں۔
تاہم ڈاکٹر معیزالدین نے اس بات کی نشاندہی کی کہ موجودہ 12 مجوزہ مقامات میں خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ اور اسلام آباد کے علاقے شامل ہیں، جبکہ بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر کے کئی اہم تاریخی مقامات کو بھی مستقبل میں یونیسکو کی نامزدگیوں میں شامل کرنے پر غور کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں موجود کئی اہم آثارِ قدیمہ کے مقامات مختلف تاریخی ادوار کی نمائندگی کرتے ہیں اور انہیں بھی عالمی سطح پر متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر معیزالدین نے گلگت بلتستان کے حوالے سے خاص طور پر کہا کہ گلگت مخطوطات (Gilgit Manuscripts) بھی عالمی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق ان مخطوطات کا ایک اہم حصہ پاکستان میں موجود ہے اور چونکہ یہ انسانی تاریخ، علم اور بدھ مت کے قدیم ادبی ورثے سے تعلق رکھتے ہیں، اس لیے پاکستان کو انہیں بھی عالمی شناخت کے لیے پیش کرنے پر غور کرنا چاہیے۔
انہوں نے گلگت بلتستان کے دیگر تاریخی مقامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کارگاہ بدھا، دنیور اور ہاتھن کے کتبے، منٹھل بدھا، کھڑپوچو قلعہ اور دیگر آثار بھی تاریخی اہمیت رکھتے ہیں اور ان کے تحفظ و عالمی سطح پر تعارف کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔
تاریخی مقامات کے تحفظ اور انتظام کی ذمہ داری صوبوں کے پاس ہے، ماہر آثار قدیمہ
ماہرِ آثارِ قدیمہ نے کہا کہ اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد تاریخی مقامات کے تحفظ اور انتظام کی ذمہ داری صوبوں کے پاس ہے، تاہم مختلف صوبے اپنے اپنے انداز میں ان مقامات پر کام کر رہے ہیں۔
ان کے مطابق ضرورت اس بات کی ہے کہ صوبوں کے درمیان بہتر رابطہ کاری اور مشترکہ حکمتِ عملی موجود ہو تاکہ پاکستان کے ثقافتی ورثے کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں: ماہرین آثار قدیمہ نے یورپ کی سب سے بڑی اجتماعی قبر دریافت کر لی
انہوں نے زور دیا کہ ان مقامات کے تحفظ کے لیے ماہرین آثار قدیمہ، محققین اور متعلقہ شعبوں کے پروفیشنلز کی شمولیت ضروری ہے، کیونکہ سائنسی بنیادوں پر کام کیے بغیر تاریخی ورثے کو محفوظ رکھنا مشکل ہوگا۔
ڈاکٹر معیزالدین کے مطابق پاکستان کو اپنے ثقافتی ورثے کو صرف صوبائی حدود کے تناظر میں نہیں دیکھنا چاہیے بلکہ ہر اس مقام کو برابر اہمیت دینی چاہیے جس کی عالمی تاریخی قدر موجود ہے۔










