امریکی فوج کی 160ویں اسپیشل آپریشنز ایوی ایشن رجمنٹ کا MH-60 بلیک ہاک ہیلی کاپٹر 25 اگست 2026 کو امریکی ریاست کولوراڈو کے ایک جنگلاتی علاقے میں حادثے کا شکار ہوگیا، تاہم ہیلی کاپٹر میں سوار عملہ بحفاظت نکلنے میں کامیاب رہا اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
امریکی فوجی حکام کے مطابق حادثہ تربیتی پرواز کے دوران پیش آیا، گلپن کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے سی بی ایس نیوز کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر گولڈن گیٹ کینین اسٹیٹ پارک کے شمال میں واقع ایک جنگلاتی علاقے میں گر گیا۔
حادثے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر میں ہیلی کاپٹر کو ٹوٹے ہوئے درختوں کے درمیان دیکھا جاسکتا ہے، جو ممکنہ طور پر حادثے کے نتیجے میں تباہ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا میں جنگلات کی آگ بجھاتے ہیلی کاپٹر کو حادثہ، پائلٹ سمیت 2 افراد ہلاک
تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے مرکزی روٹر کو نمایاں نقصان پہنچا، جبکہ روٹر بلیڈز ماسٹ کے قریب سے ٹوٹ گئے، تاہم ہیلی کاپٹر کا مرکزی ڈھانچہ بڑی حد تک برقرار دکھائی دیتا ہے۔
ہیلی کاپٹر پر 160ویں اسپیشل آپریشنز ایوی ایشن رجمنٹ کا مخصوص سیاہ رنگ اور خصوصی آلات بھی نمایاں ہیں، جس سے اس کی شناخت بلیک ہاک کے طور پر ہوتی ہے۔
حکام کے مطابق حادثے کے بعد ہنگامی امدادی اہلکار موقع پر موجود رہے، جبکہ واقعے کی حفاظتی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
JUST IN: A U.S. Army UH-60 Black Hawk helicopter has crashed west of Denver.
There were four people on board and no injuries reported.https://t.co/kpPpJAY59G
— Stars and Stripes (@starsandstripes) August 25, 2026
فی الحال حادثے کی وجہ یا اس بات کی تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں کہ ہیلی کاپٹر کو کس نوعیت کی خرابی یا مسئلے کا سامنا ہوا۔
امریکی فوج نے سی بی ایس نیوز کو جاری بیان میں کہا ہے کہ 160ویں اسپیشل آپریشنز ایوی ایشن رجمنٹ کو 25 اگست 2026 کو ڈینور کے قریب معمول کی تربیتی سرگرمیوں کے دوران پیش آنے والے ہوا بازی کے حادثے کا علم ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ کمانڈ تربیتی سرگرمیوں کے دوران پیش آنے والے تمام واقعات اور اہلکاروں کی حفاظت کو انتہائی سنجیدگی سے لیتی ہے۔
مزید پڑھیں: آبنائے ہرمز میں امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر مار گرایا گیا، امریکا ایران کو لازماً جواب دے گا، صدر ڈونلڈ ٹرمپ
چونکہ واقعہ اس وقت فعال حفاظتی تحقیقات کا حصہ ہے، اس لیے فوج مزید تبصرہ یا معلومات فراہم نہیں کرسکتی۔
کولوراڈو کا یہ حادثہ امریکی فوج کے AH-64E اپاچی ہیلی کاپٹر کے ٹیکساس میں حالیہ حادثے کے چند ہفتے بعد پیش آیا ہے۔ تاہم دونوں واقعات کے نتائج مختلف رہے۔
ٹیکساس حادثے میں ہیلی کاپٹر مکمل طور پر تباہ ہوگیا تھا اور اس میں سوار دونوں اہلکار ہلاک ہوگئے تھے، جبکہ کولوراڈو حادثے میں بلیک ہاک کا عملہ محفوظ رہا۔









