ویمنز ایشیا کپ 2026 کا آغاز جمعہ 28 اگست سے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے جو 13 ستمبر تک جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ویمنز ایشیا کپ 2026: قومی خواتین ٹیم کا مردانہ اسکواڈ کے ساتھ پریکٹس میچ
ایونٹ کے باقاعدہ آغاز سے قبل ٹرافی کی رونمائی کی تقریب آج دبئی میں منعقد ہوئی جبکہ تمام 8 ٹیموں کی کھلاڑیوں نے ایک دلچسپ اور پرجوش فوٹو سیشن میں حصہ لیا جس میں ڈانس، منفرد ملبوسات اور ہلا گلا دیکھنے کو ملا۔
ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں پاکستان، سری لنکا، یو اے ای اور تھائی لینڈ کی کرکٹرز کو مختلف دھنوں پر رقص کرتے اور ایونٹ سے لطف اندوز ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ایونٹ کا 10واں ایڈیشن
یہ ویمنز ایشیا کپ کا 10واں جبکہ ٹی 20 فارمیٹ میں چھٹا ایڈیشن ہے۔ پہلے 4 ایڈیشنز (2004 تا 2008) ون ڈے فارمیٹ میں کھیلے گئے تھے۔
دفاعی چیمپیئن سری لنکا
چیمپیئن ٹیم سری لنکا کی قیادت چماری اتھاپتھو کریں گی۔ ٹیم میں آل راؤنڈر دیومی وہانگا کے زخمی ہو کر باہر ہونے کے بعد بائیں ہاتھ کی اسپنر نماشا میپیج کو شامل کیا گیا ہے۔
بھارت
7 بار کی ایشیا کپ چیمپیئن بھارتی ٹیم کی کپتانی ہرمن پریت کور کریں گی۔ تاہم اسٹار بیٹر جمیما روڈریگز ہیمسٹرنگ انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہو گئی ہیں۔
بنگلہ دیش
نگار سلطانہ جیوتی کی زیرِ قیادت بنگلہ دیشی اسکواڈ میں فریحہ ترشنا کے زخمی ہونے پر 17 سالہ غیر معروف آل راؤنڈر فرجانہ یاسمین کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستانی ٹیم کا عزم اور کپتان فاطمہ ثنا کی گفتگو
پاکستان ویمنز ٹیم کی قیادت فاطمہ ثنا کر رہی ہیں جو انگلینڈ میں ‘دی ہنڈرڈ’ لیگ کھیلنے کے بعد دوبارہ قومی ٹیم میں واپس آئی ہیں۔
مزید پڑھیے: ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ 2026 کا شیڈول جاری، پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں شامل
روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائد فاطمہ ثنا نے کہا کہ ہم نے پری ٹورنامنٹ کیمپ کے دوران لڑکوں کی ٹیموں کے ساتھ میچز کھیلے جس سے میچ پریشر اور مشکل حالات سے نمٹنے میں بہت مدد ملی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ دبئی کی کنڈیشنز سے جلد از جلد ہم آہنگ ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے لیے ہر میچ اہم ہے اور ہم ہر مقابلہ جیت کر مثبت نتائج حاصل کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔
مزید پڑھیں: ویمن پاور: مردوں کی ٹیموں کے لیے یا خلاف کھیلنے والی خواتین کرکٹرز
گروپ اے میں شامل پاکستان ویمنز ٹیم اپنا اہم ترین مقابلہ 5 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔














