بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار امیتابھ بچن نے طبیعت سے متعلق تازہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں آرام اور صحت یابی کے لیے چند دن کی چھٹی لینے کا مشورہ دیا گیا ہے، جس کے باعث وہ فی الحال کچھ لکھنے سے بھی قاصر ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کے میزبان امیتابھ بچن نے 21 اکتوبر کو اپنے سرکاری ایکس اکاؤنٹ پر پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے مداحوں سے باقاعدگی سے پیغامات نہ لکھ پانے پر معذرت کی۔
یہ بھی پڑھیں: امیتابھ بچن کے مائیستھینیا گریوس میں مبتلا ہونے کا انکشاف، جانیے اس عارضے کی علامات
امیتابھ بچن نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ معذرت خواہ ہیں اور ان سے معافی کی درخواست کرتے ہیں۔ انہیں آرام اور صحت یابی کے لیے چند دن کی چھٹی لینے کا مشورہ دیا گیا ہے، اس لیے وہ اس وقت کچھ لکھنے سے قاصر ہیں۔
اداکار نے اپنی صحت سے متعلق تفصیلات نہیں بتائیں اور نہ ہی یہ واضح کیا کہ انہیں کس طبی مسئلے کے باعث آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔
اس سے ایک روز قبل 20 اکتوبر کو بھی امیتابھ بچن نے اپنے ذاتی بلاگ پر پیغام جاری کیا تھا۔ انہوں نے دسہرہ کے موقع پر مداحوں کو مبارک باد دیتے ہوئے محبت، خوشی اور کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کوئی سرجری نہیں ہوئی اور بالکل خیریت سے ہوں، امیتابھ بچن
انہوں نے اپنے پیغام میں بتایا تھا کہ انہیں سختی سے آرام اور صحت یابی کی ہدایت کی گئی ہے اور فی الحال رابطہ کرنے کی اجازت نہیں، اس لیے مداح ان کی معذرت قبول کریں۔
امیتابھ بچن ہندی فلموں کے معروف اداکار، گلوکار اور فلم ساز ہیں۔ وہ 200 سے زائد فلموں میں کام کر چکے ہیں اور بھارتی سنیما کی کامیاب ترین شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔ انہیں ‘اینگری ینگ مین’، ‘شہنشاہ بالی وڈ’ اور ‘بگ بی’ سمیت متعدد ناموں سے جانا جاتا ہے۔









