’ساس بھی کبھی بہو تھی‘، بہوؤں کے معاملے میں ساسوں کو ظلم در ظلم والا سائیکل توڑنا ہوگا، اداکارہ صائمہ قریشی

جمعہ 28 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف اداکارہ صائمہ قریشی نے کہا ہے کہ ساسوں کو اپنے ماضی کے تلخ تجربات سے سبق سیکھتے ہوئے اپنی بہوؤں کے ساتھ صحت مند تعلقات استوار کرنے چاہییں۔

یہ بھی پڑھیں: شرمین علی، سنیتا مارشل اور صائمہ قریشی کا بچوں کو خودمختار بنانے پر زور

ایک نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے صائمہ قریشی نے کہا کہ انہوں نے ایسی ساسیں دیکھی ہیں جو خود بدترین حالات سے گزری ہوتی ہیں مگر پھر بھی اپنی بہووں کے ساتھ وہی رویہ دہراتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی عورت کے ساتھ ماضی میں زیادتی ہوئی ہے تو اسے چاہیے کہ وہ اپنی بہو کے ساتھ اس کے برعکس رویہ اپنائے۔

اداکارہ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ساسیں اپنی بہوؤں کے ساتھ کس طرح بدسلوکی کرتی ہیں۔

صائمہ قریشی نے اس موقعے پر شوہروں کی ذمہ داری پر بھی زور دیا اور کہا کہ یہ یقینی بنانا مردوں کا بھی اہم فرض ہے کہ ان کی بیویوں کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آیا جائے۔ ان کے مطابق مرد اکثر اپنی ماں اور بیوی کے درمیان فریق بننے میں الجھ جاتے ہیں جبکہ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کسی جوڑے کی شادی ہو جاتی ہے تو ان کا اپنا رشتہ ترجیح ہونا چاہیے۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ مردوں کو اپنی بیویوں میں آنے والی تبدیلیوں کو سمجھنے کے لیے صرف اپنی ماؤں پر انحصار کرنے کی ضرورت نہیں۔ ان کے بقول مرد خود بھی خصوصاً حمل کے دوران خواتین میں پیش آنے والی رویے کی تبدیلیوں اور موڈ سوئنگز کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
صائمہ نے کہا کہ شوہروں کو اپنی بیویوں کا خیال رکھنا چاہیے اور یہ سمجھنا چاہیے کہ خاص طور پر حمل کے دوران ان میں تبدیلیاں یا موڈ سوئنگز آ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مرد کوئی چھوٹے بچے نہیں کہ انہیں یہ باتیں سکھانے کے لیے والدین کی ضرورت ہو۔

مزید پڑھیے: اداکارہ صائمہ قریشی نے مردوں کو دوسری شادی کا مشورہ کیوں دیا؟

اپنے ذاتی تجربے کا ذکر کرتے ہوئے صائمہ قریشی نے بتایا کہ وہ ایک بہترین ساس کی بدولت خوش نصیب رہیں اور انہیں مشکل جذباتی مراحل اکیلے نہیں گزارنے پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ساس اتنی اچھی انسان تھیں کہ وہ اس کے لیے الفاظ نہیں رکھتیں۔

صائمہ کے مطابق اپنی ساس کے ساتھ تجربے نے انہیں یہ سکھایا کہ خاندان کو کسی لڑکی کو شامل کرنے سے پہلے والدین کو اپنی اصل شخصیت کے بارے میں مکمل طور پر ایماندار ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کا حمل کا تجربہ بہت اچھا رہا مگر عمومی طور پر ان کی رائے ہے کہ جب اولاد کی شادی کی جائے تو شروع دن سے ہی اپنی اصل شخصیت دکھانے کی ذہنیت کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر مرد چاہتے ہیں کہ لڑکی ان کے والدین کا احترام کرے تو انہیں بھی اسی طرح لڑکی کے والدین کا احترام کرنا چاہیے۔

اداکارہ نے کہا کہ یہ بات باعث شرمندگی ہے کہ ایسے موضوعات پر گفتگو کرنے کی نوبت آتی ہے حالانکہ خاندان میں مہربانی اور باہمی احترام تو بنیادی اخلاقیات ہونی چاہییں۔ ان کے بقول یہ محض بنیادی انسانی باتیں ہیں اور لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ اچھے انداز میں رہنا چاہیے اور اپنی بہووں کے ساتھ ویسا ہی سلوک کرنا چاہیے جیسا اپنی بیٹیوں کے ساتھ کیا جاتا ہے کیونکہ ہر ساس بھی کبھی ایک بیٹی ہی رہی ہے۔

صائمہ قریشی کا کہنا تھا کہ ساس بہو کے درمیان بیشتر تنازعات اس وقت حل ہو سکتے ہیں جب شوہر اپنی بیوی کا ساتھ دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان تمام مسائل کی اصل جڑ دراصل شوہر ہی ہوتا ہے کیونکہ اگر وہ اپنی بیوی کے حق میں کھڑا نہ ہو تو حالات میں کوئی تبدیلی نہیں آتی۔

مزید پڑھیں: ماں، ساس اور دادی سے آگے: پاکستانی ڈراموں میں سینیئر اداکاراؤں کا نیا روپ

واضح رہے کہ صائمہ قریشی کی شادی کم عمری میں ہوئی تھی اور بعد ازاں وہ طلاق کے مرحلے سے گزریں۔ انہوں نے شوبز میں اپنا کیریئر جاری رکھتے ہوئے تنہا اپنے 3 بیٹوں کی پرورش کی۔ ان کے حالیہ کاموں میں ڈرامہ سیریل ’غلام بادشاہ سندری‘ اور ’دنیا پور‘ شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

روزگار، تعلیم، صحت اور ڈیجیٹل معیشت، افتخار گیلانی کا آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے روڈ میپ سامنے آگیا

گل پلازہ سانحہ: جوڈیشل کمیشن کی 78 صفحات پر مشتمل رپورٹ منظرعام پر آگئی، اہم انکشافات

صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے، وزیر خزانہ

پمز آتشزدگی: وزیراعظم کی بچے کی جان بچانے والی نرس کے لیے ستارہ خدمت اور ایک کروڑ روپے انعام کی منظوری

نو منتخب وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کی شاہ غلام قادر سے اہم ملاقات، ناراضی ختم ہونے کا امکان

ویڈیو

ہمارا نظامِ صحت سڑ چکا، سانحہ پمز کی انکوائری رپورٹ سے تمام حقائق سامنے آجائیں گے، وزیر صحت مصطفیٰ کمال

وزیر داخلہ محسن نقوی کا کراچی پاسپورٹ آفس اور ایئرپورٹ کا دورہ، سہولیات میں اضافے کا اعلان

زینب اور فاطمہ کو بی ایل اے نے اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا، وزیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو کی متاثرہ خواتین کے ہمراہ پریس کانفرنس

کالم / تجزیہ

ہم کیوں لکھتے ہیں؟

کیا امریکا ہر جنگ جیت سکتا ہے؟

جب فیصلے خوف کے تابع ہوجائیں