توہین عدالت کیس: سپریم کورٹ نے عظمیٰ خان کی فوری سماعت کی دوسری درخواست بھی مسترد کردی

پیر 31 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ نے عظمیٰ خان کی جانب سے توہینِ عدالت کیس کی فوری سماعت سے متعلق دائر کی گئی دوسری درخواست بھی مسترد کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق عدالتِ عظمیٰ کا کہنا ہے کہ کیس کی سماعت پہلے ہی 16 ستمبر کے لیے مقرر کی جا چکی ہے اور مقررہ پالیسی کے تحت ہر مقدمہ اپنی باری پر ہی سماعت کے لیے لگایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ نے واضح کیا ہے کہ طے شدہ پالیسی کے تحت ہر مقدمہ اپنی مقررہ باری پر ہی سماعت کے لیے فکس کیا جاتا ہے۔ عدالتِ عظمیٰ میں توہینِ عدالت کی پہلے ہی 94 درخواستیں زیرِ التوا (پنڈنگ) ہیں، جس کے باعث عظمیٰ خان کی فوری سماعت کی استدعا قابلِ پذیرائی نہیں ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس کیس میں توہینِ عدالت کی درخواست پہلے ہی 16 ستمبر کو سماعت کے لیے فکس کی جا چکی ہے، لہٰذا مقررہ تاریخ پر ہی کیس کی باقاعدہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے عمران خان کو عین وقت پر شفا اسپتال کی بجائے پمز کیوں لے جایا گیا؟ طارق فضل چوہدری نے بتادیا

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے  25 اگست کو بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی نجی اسپتال منتقلی کے معاملے پر ان کی بہن عظمیٰ خان کی جانب سے دائر توہین عدالت درخواست کی جلد سماعت کی استدعا مسترد کی تھی۔ عدالت نے درخواست کو مرکزی مقدمے کے ساتھ 16 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر کیا تھا۔

سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ میں توہین عدالت کے متعدد مقدمات پہلے ہی زیر التوا ہیں، جبکہ سپریم کورٹ کی پالیسی کے تحت کسی مقدمے کو مقررہ تاریخ سے پہلے سماعت کے لیے مقرر نہیں کیا جاسکتا۔

عدالتی حکم کے مطابق مرکزی مقدمہ 16 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر ہے، اسی کے ساتھ توہینِ عدالت کی درخواست بھی سنی جائے گی۔

14 ستمبر سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کا روسٹر بھی جاری

سپریم کورٹ نے 14 ستمبر سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کا روسٹر بھی جاری کردیا ہے۔ 16 ستمبر کے لیے تشکیل دیے گئے بینچ نمبر 5 میں جسٹس شاہد وحید، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس اشتیاق ابراہیم شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے عمران خان کی صحت تسلی بخش نکلی تو کیا یہ بھی توہین عدالت ہے؟ اہم سوال اٹھ گیا

سپریم کورٹ میں یہ درخواست عزیر بھنڈاری اور سلمان اکرم راجا کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم کی مبینہ خلاف ورزی پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔

بعد ازاں سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن کی توہین عدالت کی درخواست کو نمبر الاٹ کردیا۔

اس سے قبل پی ٹی آئی کی جانب سے رجسٹرار آفس کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراض کو دور کرکے درخواست دوبارہ سپریم کورٹ میں دائر کی گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp