’یہ بزدلانہ رویہ ہے‘، انگلینڈ کے خلاف پاکستانی ٹیم کی بدترین شکست پر سابق کھلاڑی آپے سے باہر

پیر 31 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دورۂ انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم کی مسلسل غیرمعیاری کارکردگی نے جہاں پی سی بی حکام کے صبر کا پیمانہ لبریز کر دیا ہے وہیں سابق کرکٹرز بھی قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر کھل کر برس پڑے ہیں۔

 سابق کپتان محمد یوسف نے کھلاڑیوں کی تکنیک اور کوچنگ کے معیار پر سوالات اٹھاتے ہوئے موجودہ صورتحال کی ذمہ داری ٹیم کے گرد موجود بعض کوچز پر عائد کر دی۔

سابق کپتان محمد یوسف نے پاکستان ٹیم کی کارکردگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کوچز کو آڑے ہاتھوں لیا اور انہیں ’کھیل کے لیے زہر‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی ناقص تکنیک اب بنگلا دیش سے لے کر انگلینڈ تک بری طرح بے نقاب ہو چکی ہے۔

محمد یوسف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بابر اعظم کے انگلینڈ کے خلاف آؤٹ ہونے کی چند سال پرانی اور حالیہ ٹیسٹ میچ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ چند سال قبل ہی انہوں نے ان تکنیکی خامیوں کے حوالے سے خبردار کیا تھا، تاہم بدقسمتی سے بابر اعظم اور دیگر کھلاڑیوں کے اردگرد موجود بعض نام نہاد کوچز نے انہیں ان مسائل پر کام کرنے کی اجازت نہیں دی۔

یہ بھی پڑھیں: ’امام الحق نے پوری دنیا کے سامنے مذاق بناکر رکھ دیا‘، اوپنر بلے باز کی مشکوک انجری پر شائقین برہم

ان کا کہنا تھا کہ یہ تکنیکی خامیاں اُس وقت آسانی سے دور کی جا سکتی تھیں لیکن بروقت اصلاح نہ ہونے کے باعث مسائل مزید سنگین ہوتے گئے۔

محمد یوسف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان تکنیکی مسائل کو حل کرنے میں ناکامی ہی پاکستان کرکٹ کو آج اس زوال تک لے آئی ہے جس کا ہم سب مظاہرہ دیکھ رہے ہیں۔

احمد شہزاد لکھتے ہیں کہ کاش میں پاکستان کرکٹ کے لیے کچھ کر سکتا۔ اسے اس طرح زوال کا شکار ہوتے دیکھنا انتہائی تکلیف دہ ہے۔ گزشتہ دو برس سے ہم پاکستان کرکٹ کی سمت کے حوالے سے خدشات کا اظہار کرتے آئے ہیں اور امید تھی کہ ذمہ دار افراد اس صورتحال کا نوٹس لے کر اقدامات کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ افسوس کہ ایسا لگتا ہے کہ کچھ بھی تبدیل نہیں ہو رہا۔ اتنی شاندار تاریخ اور عظیم کرکٹ ورثہ رکھنے والی قوم کی کرکٹ آج عالمی سطح پر مذاق کا موضوع بن چکی ہے۔ پاکستان کرکٹ اس سے کہیں بہتر کی حقدار ہے۔

محمد حفیظ نے پاکستان کرکٹ ٹیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت بزدلانہ رویہ ہے۔

واضح رہے انگلینڈ نے لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کو 194 رنز سے شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی ہے۔ قومی ٹیم 389 رنز کے تعاقب میں 194 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔اس سے قبل لیڈز میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میں بھی انگلینڈ نے پاکستان کو اننگ اور 103 رنز سے شکست دی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp