’بیوہ یا مطلقہ خواتین کی دوبارہ شادی ان کا حق، منفی نظر سے دیکھنا بند کریں‘، حمزہ علی عباسی

منگل 1 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے بیوہ اور مطلقہ خواتین کی دوبارہ شادی سے متعلق معاشرے میں پائی جانے والی منفی سوچ ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دوبارہ شادی کرنا یا تنہا رہنا ہر فرد کا ذاتی فیصلہ ہے، اس حوالے سے منفی سوچ ختم ہونی چاہیے۔

حمزہ علی عباسی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ویڈیو میں پاکستان کے روایتی رشتہ کلچر سے متعلق 2 اہم مسائل کی نشاندہی کی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاکر فضیلہ عباسی کیس: بھائی حمزہ علی عباسی نے لاتعلقی کا اعلان کردیا

اداکار کے مطابق بیوہ یا مطلقہ خواتین، خصوصاً بچوں والی خواتین کے لیے مناسب رشتہ تلاش کرنے میں اب بھی مشکلات پیش آتی ہیں، کیونکہ معاشرے کا ایک طبقہ ان کی دوبارہ شادی کو منفی نظر سے دیکھتا ہے۔

حمزہ علی عباسی نے کہا کہ دوبارہ شادی کرنا یا غیر شادی شدہ رہنا انفرادی انتخاب ہے، تاہم ان کی درخواست ہے کہ بیوہ یا طلاق یافتہ خواتین جو دوبارہ شادی کرنا چاہتی ہیں، انہیں منفی انداز میں دیکھنا بند کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: حمزہ علی عباسی اور ان کی اہلیہ نے رشتہ ایپ متعارف کرا دی

انہوں نے کہا کہ مذہب خواتین کو دوبارہ شادی کا حق دیتا ہے اور یہ اخلاقی طور پر بھی قابل قبول ہے، اس رویے میں بہتری سے بہت سی زندگیوں میں آسانی پیدا ہوسکتی ہے۔

اداکار نے دوسرے مسئلے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ عام طور پر مرد اور ان کے والدین رشتہ تلاش کرنے کا عمل شروع کرتے ہیں، تاہم لڑکیوں کے خاندان اس معاملے میں اب بھی ہچکچاہٹ کا شکار رہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’اسلام میں سر ڈھانپنا فرض نہیں‘، حمزہ علی عباسی کا حجاب پر متنازع مؤقف تنقید کی زد میں

حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ والدین کی جانب سے اپنی بیٹی کے لیے مناسب شریک حیات تلاش کرنے میں پہل کرنے میں کوئی برائی نہیں، اس لیے اس سوچ میں بھی تبدیلی کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ حمزہ علی عباسی اور ان کی اہلیہ نے رواں سال مارچ میں ’میرج فار لائف‘ نامی رشتہ ایپ بھی متعارف کرائی تھی، جس کا مقصد اسلامی اقدار کی بنیاد پر مناسب شریک حیات تلاش کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp