وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام کی خدمت، حفاظت اور ریلیف کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے پر صوبائی معاون خصوصی شعیب مرزا اور ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کو سی ایم میرٹ بیج سے نواز دیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تقریب کے دوران صوبائی معاون خصوصی شعیب مرزا اور ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کو سی ایم میرٹ بیج لگائے اور ان کی خدمات کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ مریم نواز کا دورہ چین، ٹیکنالوجی کے میدان میں صوبہ پنجاب کیا کرنے جارہا ہے؟
معاون خصوصی شعیب مرزا نے مریدکے اور فیروز والا کے دیہات میں اچانک پانی پہنچنے کے بعد ریسکیو اور ریلیف کارروائیوں کی خود نگرانی کی۔ وہ مریدکے اور فیروز والا کے تمام متاثرہ گاؤں میں 7 روز تک خود موجود رہے۔
شعیب مرزا نے اپنی نگرانی میں سینکڑوں سیلاب متاثرین کو ریسکیو کرایا اور محفوظ مقامات پر منتقل کیا، جبکہ متاثرہ افراد کے لیے رہائش، کھانے، ادویات اور دیگر ضروریات کے انتظامات میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ڈیرہ غازی خان کے ارکان اسمبلی کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز ہربنس پورہ میں چھت گرنے کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئے اور 16 گھنٹے مسلسل جائے حادثہ پر موجود رہے۔ ان کی کاوشوں سے ہربنس پورہ کے سانحے میں 5 قیمتی انسانی جانیں بچانا ممکن ہوا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے معاون خصوصی شعیب مرزا اور ڈپٹی کمشنر علی اعجاز کو شاباش دی اور ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے دونوں افسران کو عوامی خدمت کے جذبے سے کام جاری رکھنے کی تلقین کی۔
’ عوام کی خدمت کے لیے اپنا سکھ چین تج دینے والے حقیقی ہیرو ہوتے ہیں‘
مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کی خدمت کے لیے اپنا سکھ چین تج دینے والے حقیقی ہیرو ہوتے ہیں۔ دکھ سکھ میں عوام کے ساتھ کھڑا ہونا اور موجود رہنا قابلِ قدر ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام پر مشکل آئے تو افسران دفتروں میں نہ بیٹھیں بلکہ ان کے ساتھ کھڑے ہوں۔ مجھے خوشی ہے کہ میری ٹیم میں شعیب مرزا اور علی اعجاز جیسے لوگ موجود ہیں۔














