وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قبائلی امور مبارک زیب نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر قائم ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات پاکستان کی معاشی ترقی، صنعتی خوشحالی اور علاقائی استحکام کے لیے اہم ہیں۔
چائنا ونڈو پشاور کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مبارک زیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف چین کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے، دوطرفہ تجارت بڑھانے، چینی سرمایہ کاری کے فروغ اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کو آگے بڑھانے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

مبارک زیب نے چائنا ونڈو کی مختلف گیلریوں کا معائنہ کیا، جہاں چین کی تاریخ، تہذیب و ثقافت، اقتصادی ترقی، جدید ٹیکنالوجی اور پاک چین دوستی سے متعلق تصویری و معلوماتی نمائشیں پیش کی گئی ہیں۔ انہوں نے چین کی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ چینی قوم کی محنت، نظم و ضبط اور مستقل مزاجی ترقی پذیر ممالک کے لیے قابلِ تقلید مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی تعاون سے خیبر پختونخوا، بالخصوص ضم شدہ قبائلی اضلاع، بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ان علاقوں میں معدنیات، زراعت، سیاحت اور تجارت کے وسیع امکانات موجود ہیں، جنہیں جدید ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور مؤثر منصوبہ بندی کے ذریعے عوام کی خوشحالی کے لیے بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔
مبارک زیب نے چائنا ونڈو کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ثقافتی مراکز دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے، باہمی اعتماد بڑھانے اور نوجوان نسل کو پاک چین دوستی کی اہمیت سے آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ چائنا ونڈو مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی، تعلیمی اور عوامی روابط مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔










