ایکس نے نیویارک کے صارفین کو ’منافع‘ سے محروم کردیا، 300 ڈالر کا لالچ برقرار

منگل 1 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ نے نیویارک کے صارفین کے لیے رقم رکھنے والے کھاتوں پر منافع کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق نیویارک محکمہ مالیاتی خدمات نے ایکس پیمنٹس ایل ایل سی کو ریاست کے صارفین کے محفوظ شدہ رقوم والے کھاتوں پر منافع ادا کرنے سے روک دیا ہے، جس کے بعد نیویارک کے صارفین کے لیے سالانہ منافع کی شرح صفر فیصد کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایلون مسک نے ایکس صارفین کو پیسے کمانے کا کونسا نیا طریقہ بتایا؟

ایکس حکام کے مطابق کمپنی اس معاملے پر متعلقہ مالیاتی حکام کے ساتھ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے۔ تاہم نیویارک کے اہل صارفین کے لیے 300 ڈالر کی نقد ترغیبی رقم کی پیشکش بدستور موجود ہے، بشرطیکہ وہ اپنے کھاتے کھلے رکھیں اور مقررہ شرائط پوری کریں۔

اس فیصلے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس کے صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آئے۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ایسا لگتا ہے کہ نیویارک کے بینک نہیں چاہتے کہ لوگ اپنے بینک کھاتوں سے رقم نکالیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایکس نے امریکی یا جاپانی ہونے کا جھوٹا دعویٰ کرنے والے صارفین کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کردیا

رپورٹ کے مطابق اس معاملے سے قبل نیویارک کے دو قانون سازوں، ریاستی سینیٹر بریڈ ہولمین سگال اور رکن اسمبلی مائیکا لیشیر نے مئی 2025 میں مالیاتی خدمات کے محکمے کو خط لکھ کر ایکس کو اجازت نامہ جاری نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔

تاہم ان قانون سازوں کی کوششیں ایکس کو اجازت نامہ دینے سے متعلق تھیں، جبکہ موجودہ معاملہ صارفین کی رقم پر منافع کی ادائیگی سے متعلق ہے۔ ایکس کا کہنا ہے کہ وہ منافع کی پابندی کے معاملے کو حل کرنے کے لیے متعلقہ محکمہ کے ساتھ کام کر رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp