جیگوار لینڈ روور کے لگژری برانڈ رینج روور نے اپنی پہلی مکمل الیکٹرک گاڑی متعارف کرا دی، جس کے ذریعے کمپنی نے شاہانہ آسائش، طاقتور کارکردگی اور ماحول دوست برقی ٹیکنالوجی کو یکجا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا آپ بھی اپنی لینڈ روور کو الیکٹرک وہیکل میں تبدیل کروانا چاہتے ہیں؟
گاڑی کی بڑے پیمانے پر پیداوار برطانیہ کے شہر سولہل میں ہوگی، جبکہ اس کی ابتدائی قیمت ایک لاکھ 54 ہزار 70 پاؤنڈ مقرر کی گئی ہے۔ جیگوار لینڈ روور کے لیے یہ نئی گاڑی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کمپنی کو رواں سال منافع میں کمی کا سامنا ہے۔
کمپنی کے مطابق منصوبے پر کام کرنے والے 10 ہزار 500 ملازمین کو اضافی تربیت دی گئی، جبکہ گاڑی کو انتہائی سخت آزمائشوں سے گزارا گیا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی آزمائش مجموعی طور پر دنیا کے گرد 38 مرتبہ سفر کے مساوی فاصلے پر کی گئی، جو کسی بھی سابقہ رینج روور کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
نئی رینج روور کا برقی نظام کمپنی کی پیٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کے مقابلے میں ماحولیاتی اثرات کم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ سے چوری ہونے والی رینج روور کراچی میں برآمد، یہ سب کیسے ہوا؟
گاڑی میں خریداروں کے لیے خصوصی تیاری اور آرائش کی سہولت بھی دستیاب ہوگی، جس کے تحت مختلف رنگوں، سطحوں، کپڑوں اور اعلیٰ معیار کے مواد کے علاوہ گاڑی کے اندرونی حصے پر ہاتھ سے نفیس سلائی کی گئی ہے۔
رینج روور کے مینیجنگ ڈائریکٹر مارٹن لمپرٹ نے کہا کہ یہ گاڑی ایک دہائی پر محیط سوچ سمجھ کر کی جانے والی انجینئرنگ اور تکنیکی ترقی کا نتیجہ ہے۔














