جمائما گولڈ اسمتھ نے عمران خان سے علیحدگی کے 22 سال بعد دوبارہ شادی کرلی

پیر 14 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے ڈبلن میں پیدا ہونے والے کاروباری شخصیت کیمرون او ریلی سے شادی کرلی، ان کی شادی کی خبر خاندان کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کئی گئی ہے۔

برطانوی اسکرین رائٹر اور فلم پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ نے سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان سے علیحدگی کے 22 سال بعد دوبارہ شادی کرلی ہے۔ جمائما کے بھائی بین گولڈ اسمتھ کی اہلیہ جمائما جونز نے انسٹاگرام پر شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے خوشخبری سے آگاہ کیا۔

جمائما جونز نے اپنے شوہر کے ہمراہ تیار ہوکر لی گئی تصویر کے ساتھ جمائما اور کیمرون کی شادی کی خوشی منانے کا پیغام جاری کیا، تاہم انہوں نے دلہا اور دلہن کی تصاویر شیئر نہیں کیں۔

یہ بھی پڑھیے جمائما گولڈ سمتھ کی ایک بار پھر ارب پتی بزنس مین سے شادی کی تیاری

اس سے قبل برطانوی اخبار ڈیلی میل نے رواں سال مئی میں رپورٹ کیا تھا کہ جمائما کی 62 سالہ کاروباری شخصیت کیمرون او ریلی سے منگنی ہوئی ہے اور دونوں گزشتہ ایک سال سے تعلق میں تھے۔

کیمرون او ریلی کروڑ پتی سرمایہ کار ہیں اور آنجہانی عالمی شہرت یافتہ رگبی کھلاڑی سر انتھونی او ریلی کے صاحبزادے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق جمائما اور کیمرون کی ملاقات دستاویزی فلموں میں مشترکہ دلچسپی کے باعث ہوئی۔ دونوں کچھ عرصے تک دوست رہے، بعدازاں ان کا تعلق رومانوی رشتے میں تبدیل ہوگیا۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں سوئٹزرلینڈ میں کیمرون کے گھر اور مغربی لندن میں جمائما کی رہائش گاہ کے درمیان وقت گزارتے رہے ہیں۔

جمائما گولڈ اسمتھ نے اس سے قبل عمران خان سے 1995 میں شادی کی تھی اور دونوں تقریباً 9 سال بعد 2004 میں علیحدہ ہوگئے تھے۔ سابق جوڑے کے 2 بیٹے ہیں، 29 سالہ سلیمان اور 27 سالہ قاسم۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp