بہاولپور کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کی بھرپور سپورٹ، شیر کے لیے ووٹ بھی مانگیں گے، رہنما پیپلز پارٹی علی حیدر گیلانی

جمعرات 3 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما علی حیدر گیلانی نے کہا ہے کہ وہ بہاولپور کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کو بھرپور سپورٹ کریں گے اور شیر کے لیے ووٹ بھی مانگیں گے۔

وی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر علی حیدر گیلانی کا کہنا تھا کہ 2024 کے الیکشن کے بعد پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں ایک بات طے ہوئی تھی کہ جہاں پر ضمنی الیکشن ہوگا وہاں پر پہلے دیکھا جائے گا کہ یہاں پر جنرل الیکشن میں رنر اپ کون سی پارٹی کا تھا، اگر پیپلزپارٹی کا ہوگا تو وہ ضمنی الیکشن لڑے گی، اگر ن لیگ کا ہوگا تو وہ ضمنی الیکشن لڑے گی۔

پیپلزپارٹی کے جیالے تیر کی جگہ شیر کو ووٹ دیں گے

علی حیدر گیلانی کے مطابق ن لیگ نے بھی اس فارمولے پر عمل کیا، ملتان، مظفرگڑھ جہاں ضمنی الیکشن ہوئے وہاں ن لیگ نے اپنے امیدوار کھڑے نہیں کیے، اسی فارمولے کو دیکھتے ہوئے بہاولپور میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی، ن لیگ کو سپورٹ کرے گی، پیپلزپارٹی کے جیالے تیر کی جگہ شیر کو ووٹ دیں گے، میں ن لیگ کے حق میں بہاولپور میں الیکشن کمپین بھی کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی کی پنجاب حکومت سے راہیں جدا ہوسکتی ہیں، علی حیدر گیلانی

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا پاور شیئرنگ فارمولے کے حوالے سے ن لیگ کے ساتھ طے تھا کہ جہاں پیپلزپارٹی کی نمائندگی وہاں انہیں ان کا حصہ دیا جائے گا، مگر پاور شیئرنگ فارمولے پر عمل نہیں کیا گیا، ہمارے رنر اپس کو فنڈز نہیں دیے گئے۔

سید علی حیدر گیلانی نے بتایا کہ مجھ سے اور میرے بھائیوں سے پنجاب حکومت نے سیکیورٹی واپس لے لی تھی، وہ سیکیورٹی ہمیں لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر ملی تھی، لیکن میں نے دوبارہ لاہور ہائیکورٹ سے اس حوالے سے رجوع کیا، اب دوبارہ مجھے اور میرے بھائیوں کو کورٹ نے سیکیورٹی واپس دے دی ہے، پولیس نے کیوں سیکیورٹی واپس لی تھی، اس بات کا جواب ہمیں نہیں دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: تخت لاہور کے کسی وائسرائے کے تابع بناکر ہمیں نہ چلایا جائے، علی حیدر گیلانی

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت کا اگر ٹھیک طریقے کے ساتھ ہمارا ساتھ چلے گی تو 5 سال پورے کرے گی، اگر پیپلزپارٹی ساتھ نہیں دے گی تو یہ حکومت نہیں چلے گی۔

صدر آصف علی زرداری کہیں نہیں جارہے

ان کا کہنا تھا کہ صدر زرداری کے حوالے سے یہ کہنا کہ وہ جارہے ہیں، وہ کہیں نہیں جارہے، صدر زرداری بطور صدر کوئی مراعات نہیں لیتے، وہ تنخواہ بھی نہیں لیتے، ان کا تو کوئی سامان بھی پریزیڈنٹ ہاؤس میں نہیں ہے، ان کو تو سامان پیک کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی، وہ ویسے ہی آجائیں گے گھر، اگر وہ گھر آئیں گے تو سب کو گھر آنا پڑے گا۔

’ بلاول بھٹو کی شادی دھوم دھام سے کریں گے‘

چیئرمین بلاول بھٹو کی شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں علی حیدر گیلانی نے کہا کہ ہم بلاول بھٹو کی شادی دھوم دھام سے کریں گے، ہر جگہ خوشیاں ہوں گی، بلاول بھٹو ہمارے بھائی ہیں اور چیئرمین بھی ہیں پارٹی کے، ان کی شادی کو بھی اتنی پذیرائی ملے گی جتنی بے نظیر بھٹو کی شادی کو ملی تھی، ہم ملتان سے آتش بازی شروع کریں گے، جو پورے پاکستان میں ہوگی۔

’صوبے بننے چاہئیں‘

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صوبے بننے چاہئیں لیکن جن صوبوں کے حوالے سے اسمبلی سے قراردادیں پاس ہوچکی ہیں وہ پہلے بننے چاہئیں، جنوبی پنجاب اور ہزارہ صوبہ بنانا چاہیے، سندھ صوبوں کی تقسیم کے خلاف ہے اور سندھ اسمبلی نے صوبوں کی تقسیم کے خلاف قرارداد بھی منظور کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بڑا صوبہ ہے، اس کی چودہ کروڑ آبادی ہوچکی ہے، اتنے بڑے صوبے کو گورننس کرنے کے مسائل آرہے ہیں، لہٰذا جنوبی پنجاب کا صوبہ بنانا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp