کراچی بار کا جماعت اسلامی اور تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان

جمعرات 3 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی بار ایسوسی ایشن نے مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی اور دیگر معاشی مسائل کے خلاف جماعت اسلامی اور تاجروں کی جانب سے آج کی ملک گیر ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا۔

کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وکلا مہنگائی کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے کراچی پریس کلب تک پرامن ریلی نکالیں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہڑتال کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کے نتیجے میں وکلا اور سائلین کو عدالتوں تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مہنگائی اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا، 3 ستمبر کو ملک گیر شٹر ڈاؤن کا اعلان

کراچی بار نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ ہڑتال کے باعث وکلا یا سائلین کی عدم حاضری پر کوئی سخت حکم جاری نہ کیا جائے۔

دوسری جانب جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف آج ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔

لاہور میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ایک طرف مذاکرات کی بات کرتی ہے جبکہ دوسری جانب مبینہ طور پر طاقت کا استعمال کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: جماعت اسلامی کا دھرنا، احتجاج کے دوران آج مذاکرات کا پانچواں دور ہوگا

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ آج کی ہڑتال کے بعد احتجاج کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی پیٹرولیم لیوی کے نام پر عائد کیے جانے والے ’بھتہ ٹیکس‘ کے خلاف احتجاج جاری رکھے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے ایسے عوامی مسائل کو اجاگر کیا ہے جن سے پہلے عوام کی ایک بڑی تعداد آگاہ نہیں تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp