گزشتہ سیشن میں تقریباً ایک فیصد کمی کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو کاروبار کے آغاز پر نمایاں تیزی دیکھی گئی جہاں انڈیکس 950 سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا۔
صبح 9 بج کر 55 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 957.51 پوائنٹس یعنی 0.55 فیصد اضافے کے بعد 175,734.10 پوائنٹس کی سطح پر موجود تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی معیشت میں بہتری: اسٹاک مارکیٹ اور سونے چاندی میں سرمایہ کاری کب کی جائے؟
مارکیٹ میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور بجلی پیدا کرنے والے شعبوں کے نمایاں حصص میں خریداری دیکھی گئی۔
حبکوپاور، ماری پیٹرولیم، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، پاکستان آئل فیلڈز، حبیب بینک، مسلم کمرشل بینک، میزان بینک اور یونائیٹڈ بینک جیسے انڈیکس پر اثرانداز ہونے والے اہم حصص مثبت زون میں کاروبار کرتے رہے۔
PSX Opened Positive 🚀
☀️ KSE 100 opened positive by +870.87 points this morning. Current index is at 175,647.47 points (9:45 AM) pic.twitter.com/LaEbBpmH8j— Investify Pakistan (@investifypk) September 3, 2026
دوسری جانب ایک اہم پیش رفت میں پاکستان نے 2 مراحل پر مشتمل یورو بانڈ کے اجرا کے ذریعے 3 ارب ڈالر حاصل کر لیے، وزارت خزانہ کے مطابق یورو بانڈ کے لیے تقریباً 6 ارب ڈالر مالیت کے آرڈرز موصول ہوئے۔
واضح رہے کہ بدھ کو آبنائے ہرمز کے گرد جغرافیائی سیاسی کشیدگی میں اضافے اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں تیزی کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی دیکھی گئی تھی۔
مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی تاریخی بلندی کا ملک کی معیشت سے کتنا تعلق ہے؟
بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 1,690.40 پوائنٹس یعنی 0.96 فیصد کمی کے بعد 174,776.60 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
عالمی منڈیوں میں بھی جمعرات کو ایشیائی حصص اور بانڈز میں بہتری دیکھی گئی، جبکہ سرمایہ کار امریکی معاشی اعداد و شمار اور مرکزی بینک کے حکام کے بیانات کے منتظر ہیں، جن سے امریکی فیڈرل ریزرو کی رواں ماہ کی پالیسی سے متعلق سمت کا اندازہ لگایا جا سکے گا۔

جاپانی حکومتی بانڈز کی پیداوار بھی تاریخی بلند ترین سطحوں سے نیچے آئی، جبکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بلند سطح پر رہنے کے باوجود کچھ کم ہوئیں۔
امریکا اور ایران کے درمیان دوبارہ فوجی کارروائیوں کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
مزید پڑھیں: فون گرو فارم خانیوال: جدید زراعت اور لائیو اسٹاک کی ترقی کا ایک مثالی ماڈل
سرمایہ کاروں کی فوری توجہ جمعے کو جاری ہونے والی امریکی روزگار سے متعلق اہم رپورٹ پر مرکوز ہے۔
ایشیا پیسیفک کے جاپان سے باہر حصص کا ایم ایس سی آئی انڈیکس بھی 0.5 فیصد بڑھ گیا۔














