شمالی وزیرستان میں دراندازی کی کوشش ناکام، فتنۃ الخوارج کے 15 دہشتگرد ہلاک

جمعرات 3 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے مقابل پاک افغان سرحد سے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کے ایک گروہ کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 15 خوارج ہلاک کردیے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کے ایک گروہ کی پاک افغان سرحد کے ذریعے شمالی وزیرستان کے بالمقابل دراندازی کی کوشش کا سراغ لگایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ژوب میں بھارتی حمایت یافتہ خوارج کا تعاقب، مزید 10 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

دہشتگردوں کے خلاف کارروائی 36 گھنٹے تک جاری رہی، جس کے دوران درست اور مہارت سے کی گئی کارروائی کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 15 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے بعد علاقے میں کیے گئے کلیئرنس آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

برآمد شدہ اسلحہ و گولہ بارود سے خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے ان مذموم عزائم کو مزید تقویت ملتی ہے جن کے ذریعے ملک میں امن و استحکام کو متاثر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا میں 3 الگ آپریشنز میں 7 فتنۃ الخوارج ہلاک، سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائی جاری

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر پیش آنے والا یہ واقعہ ایک بار پھر پاکستان کے اس مؤقف کی تائید کرتا ہے کہ افغان طالبان حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف سرحد پار دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔

مزید پڑھیں: فتنۃ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن، صدر اور وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

بیان کے مطابق افغان طالبان حکومت مؤثر سرحدی انتظام یقینی بنانے اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مسلسل ناکام رہی ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے ملک کی سرحدوں کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی برائے قومی ایکشن پلان کی منظوری سے ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp