ایپ ڈویلپرز نے ایپل کی دہری ٹریکنگ پالیسی پرعدالت سے رجوع کرلیا

جمعرات 3 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایپل کو برطانیہ میں ایپ ٹریکنگ سے متعلق پالیسی پر 2 ارب پاؤنڈ کے اجتماعی مقدمے کا سامنا ہے، ہزاروں برطانوی ایپ ڈویلپرز کی جانب سے دائر مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ایپل نے دوسری کمپنیوں کی ایپس کو صارفین کی نگرانی کے لیے 2 مرتبہ اجازت لینے کا پابند بنایا، لیکن اپنی ایپس کے لیے ایسی کوئی شرط عائد نہیں کی۔

لندن کے مسابقتی اپیل ٹریبونل میں جمعرات کو دائر کیے گئے مقدمے کی قیادت ’اے ٹی ٹی کلیکٹو ایکشن لمیٹڈ‘ کررہی ہے۔ اس کارروائی میں ایپل کے ایپ ٹریکنگ شفافیت کے نظام کو چیلنج کیا گیا ہے، جو 26 اپریل 2021 کو صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ کے لیے متعارف کرایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ایپل کا اوپن اے آئی پر تجارتی راز چرانے اور شواہد مٹانے کا الزام

مقدمے کے مطابق ایپل نے بیرونی ایپس کو صارفین سے ان کی سرگرمیوں کی نگرانی کی اجازت لینے کے ساتھ ساتھ ایپل سے بھی اجازت حاصل کرنے کا پابند کیا، تاکہ انہیں دوسری کمپنیوں کی ایپس کے ذریعے صارفین کو ٹریک کرنے کی اجازت مل سکے، تاہم ایپل کی اپنی تشہیری اور ڈیٹا جمع کرنے کی سرگرمیوں پر ایسی پابندی عائد نہیں کی گئی۔

مقدمے کی سربراہ این پوپ، جو برطانیہ کی مسابقتی اتھارٹی میں مسابقتی امور کی سابق سینئر ڈائریکٹر رہ چکی ہیں، کا کہنا ہے کہ اس پالیسی سے ایپل پر انحصار کرنے والے کاروباروں کو نمایاں نقصان پہنچا، کیونکہ اشتہارات سے آمدنی حاصل کرنے والے ڈویلپرز کو اشتہارات کی کم قیمت اور نئے صارفین کے حصول کی زیادہ لاگت دونوں کا سامنا کرنا پڑا۔

این پوپ نے کہا کہ معاملہ رازداری کے تحفظ کے خلاف نہیں بلکہ برابری کا ہے، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے لیے ایک اور ایپ ڈویلپرز کے لیے دوسرا اصول نہیں ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: ایپل کا اوپن اے آئی پر بڑا مقدمہ، چیٹ جی پی ٹی اور آئی فون استعمال کرنے والوں پر کیا اثر پڑے گا؟

ایپل کی ٹریکنگ پالیسی کے خلاف فرانس اور اٹلی میں بھی کارروائیاں ہوچکی ہیں، جہاں عائد جرمانوں کی مجموعی مالیت 20 کروڑ پاؤنڈ سے تجاوز کرچکی ہے۔ جرمنی کی مسابقتی اتھارٹی نے اگست 2026 میں ایپل کو اپنی پالیسی میں متعدد تبدیلیاں کرنے پر مجبور کیا، جبکہ پولینڈ اور رومانیہ میں بھی اس معاملے کی تحقیقات شروع کی جاچکی ہیں۔

ایپل ماضی میں اپنی ایپ ٹریکنگ شفافیت پالیسی کو صارفین کے لیے اہم رازداری کا تحفظ قرار دے چکا ہے، تاہم برطانیہ میں نئے مقدمے کے دائر ہونے پر کمپنی کی جانب سے فوری طور پر کوئی عوامی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp