ایران کا کویت پر نیا میزائل اور ڈرون حملہ، امریکا نے دوبارہ کارروائی کی دھمکی دیدی

جمعہ 4 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی حملوں کے جواب میں ایران نے کویت سمیت خطے میں امریکی اہداف کو نشانہ بنایا، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ واشنگٹن جب چاہے ایران کے خلاف دوبارہ کارروائی کر سکتا ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے ایک بار پھر کویت پر میزائل اور ڈرون داغے ہیں، جسے امریکی حملوں کے جواب میں کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔ تہران کا کہنا ہے کہ اس نے بحرین، اردن، کویت اور عراق میں موجود امریکی اثاثوں کو نشانہ بنایا ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ واشنگٹن ایران کے خلاف دوبارہ حملہ کرنے کے لیے کسی بھی وقت تیار ہے۔

ٹرمپ نے بدھ کے روز  کہا تھا کہ امریکا نے آبنائے ہرمز کے قریب ایران کی جانب سے تیار کیے جانے والے ’نئے سازوسامان‘ کو نشانہ بنایا ہے اور ضرورت پڑنے پر تہران کے خلاف مزید کارروائی کی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے امریکی فوج میں بھونچال، ڈین ڈرسکول کے استعفے کے بعد وزیر دفاع پیٹ ہیگسیٹھ پر سنگین الزامات

خطے میں جاری کشیدگی نے آبنائے ہرمز سے عالمی تجارتی جہازوں کی آمدورفت اور مشرق وسطیٰ سے تیل کی فراہمی کے حوالے سے خدشات بڑھا دیے ہیں۔

کوئنسی انسٹی ٹیوٹ فار ریسپانسبل اسٹیٹ کرافٹ کے ٹریٹا پارسی نے الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمدورفت معمول پر لانے میں اپنی کامیابی کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ایران امریکی وسط مدتی انتخابات سے قبل ایسا تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کر سکتا ہے جس سے ٹرمپ کو سیاسی نقصان پہنچے، تاہم انتخابات کے بعد’ذلت کا شکار ‘ ٹرمپ مزید بے چین ہوکر جارحانہ اقدامات کر سکتے ہیں۔

ادھر امریکی رکن کانگریس ڈیلیا رامیرز نے فلسطین اور ایران میں جاری فوجی کارروائیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کانگریس سے ’بلاک دی بمز ایکٹ‘ منظور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے ایران نے جوابی کارروائی کی تو مزید سخت حملوں کا سامنا کرنا پڑےگا، ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی

دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ جمعے کو برینٹ خام تیل کی قیمت 15 سینٹ اضافے کے بعد 95.67 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 26 سینٹ بڑھ کر 91.56 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران برینٹ کی قیمت میں 7.1 فیصد اور ڈبلیو ٹی آئی میں 9.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp