اسلام آباد اور راولپنڈی میں آج نماز فجر سے پہلے ایک بار پھر گرج چمک کے ساتھ تیز بارش جبکہ سوات اور مالا کنڈ میں بھی بادل خوب برسے۔ تیز بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، راولپنڈی اور بالائی پنجاب سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں 4 اور 5 ستمبر کو گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی۔ بعض مقامات پر موسلا دھار سے انتہائی موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیے ’یہ سڑکیں کبھی زیرِ آب نہیں آئیں، تعمیراتی کام نے اسلام آباد کا حلیہ بگاڑ دیا‘، شدید بارش سے تباہی پر صارفین برہم
پاکستان محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی بالائی علاقوں پر اثرانداز ہے، جو 4 اور 5 ستمبر کو مزید مضبوط ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، نارووال، شیخوپورہ، منڈی بہاؤالدین، وزیرآباد، حافظ آباد اور قصور میں بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش سے اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، صوابی، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خطرہ ہے۔ کشمیر، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی اور پوٹھوہار کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی جبکہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں شدید بارشیں، شمالی علاقہ جات میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خدشہ
بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کے تحت واسا، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشنز، محکمہ صحت، پولیس اور ٹریفک پولیس کو باہمی رابطے کے ساتھ فیلڈ میں موجود رہنے کا حکم دیا۔
کمشنر نے نشیبی علاقوں میں نکاسیٔ آب کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے اور ڈی واٹرنگ سیٹس، پمپس، مشینری و دیگر ضروری سامان کو مکمل طور پر فعال رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری کارروائی کی جائے تاکہ شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا نہ ہو۔













