اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان، انڈیکس میں لگ بھگ 300 پوائنٹس کا اضافہ

جمعہ 4 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کو کاروباری سرگرمیاں اتار چڑھاؤ کا شکار رہیں، تاہم کاروباری سیشن کے پہلے نصف میں انڈیکس میں تقریباً 300 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوپہر 12 بجے کے قریب بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 268.36 پوائنٹس یعنی 0.15 فیصد اضافے کے بعد 175,198.04 پوائنٹس کی سطح پر موجود تھا۔

 یہ بھی پڑھیں: عالمی معیشت میں بہتری: اسٹاک مارکیٹ اور سونے چاندی میں سرمایہ کاری کب کی جائے؟

دورانِ کاروبار کمرشل بینکوں، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں اور ریفائنری کے شعبوں میں فروخت کا رجحان دیکھا گیا۔

حبکو، پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، نیشنل بینک اور یونائیٹڈ بینک جیسے انڈیکس پر اثرانداز ہونے والے اہم حصص منفی زون میں کاروبار کرتے رہے۔

گزشتہ روز جمعرات کو بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار شدید اتار چڑھاؤ کا شکار رہا تھا۔

جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے نے سرمایہ کاروں کو محتاط رکھا، تاہم کاروباری سیشن کے اختتام پر منافع کے حصول کے لیے ہونے والی فروخت کے باوجود کے ایس ای 100 انڈیکس معمولی بہتری کے ساتھ بند ہوا تھا۔

 مزید پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ کے اہم شعبے منفی زون میں، انڈیکس میں 454 پوائنٹس کی کمی

کے ایس ای 100 انڈیکس 153.09 پوائنٹس یعنی 0.09 فیصد اضافے کے بعد 174,929.69 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

عالمی مارکیٹس کی صورتحال

دوسری جانب عالمی سطح پر جمعہ کو ایشیائی حصص کی منڈیوں میں بھی تیزی دیکھی گئی، سرمایہ کاروں نے امریکا کے اہم روزگار کے اعداد و شمار کے اجرا سے قبل عالمی سطح پر جاری تیزی کا خیرمقدم کیا۔

امریکی فیڈرل ریزرو کے ایک اعلیٰ عہدیدار کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے خدشات کم کیے جانے کے بعد بانڈ مارکیٹ کو بھی کچھ ریلیف ملا اور ڈالر کی قدر میں کمی ہوئی۔

ڈالر کی کمزوری کے باعث جاپانی ین میں نمایاں بہتری دیکھی گئی، جو رواں ہفتے اب تک 2.6 فیصد بڑھ کر 155.7 ین فی ڈالر کی سطح پر پہنچ چکا ہے۔

ایشیا میں جاپان کے نکی 225 انڈیکس میں 0.8 فیصد اضافہ ہوا، تاہم رواں ہفتے مجموعی طور پر یہ 2.7 فیصد نیچے ہے۔

چینی بلیو چپ حصص میں 1 فیصد اور جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں 1.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp