پاک فوج نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں زبردست اور کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران ’فتنہ الہندوستان‘ اور ’فتنہ الخوارج‘ کے 48 بھارتی سرپرست یافتہ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت جاری کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 36 بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے تباہ اور اسلحہ و بارودی مواد بھی تلف کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 21 دہشتگرد ہلاک، 6 اہلکار جام شہادت نوش کر گئے
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 4 ستمبر کو مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کی نشاندہی کے بعد انہیں مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 6 بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے بعد علاقے سے بڑی مقدار میں گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم، آئی ای ڈیز برآمد کرکے موقع پر ہی تباہ کردیے گئے۔
کوئٹہ میں 26 خوارج ہلاک
کوئٹہ کے علاقے شابان میں بھی سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشتگردوں کے 4 ٹھکانوں کی نشاندہی کی۔
فائرنگ کے تبادلے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے 26 خوارج کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی دہشتگردوں کے خلاف جاری وسیع تر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا حصہ تھی۔
قلات اور سبی میں بھی کارروائیاں
قلات میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ایک ٹھکانے پر چھاپہ مارا، جہاں کارروائی کے دوران 2 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
ادھر ضلع سبی کے علاقے بھاگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے پولیس اسٹیشن پر حملے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے مقامی آبادی کے تعاون سے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 2 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد مارے گئے۔
72 گھنٹوں میں فتنہ الہندوستان کے 48 دہشتگرد ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 48 دہشتگردوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔
مزید پڑھیں:پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 5 دہشتگرد ہلاک، اسلحہ و بارودی مواد برآمد
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کارروائیوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں سینیٹائزیشن آپریشنز بھی جاری ہیں تاکہ ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشتگردوں کا سراغ لگا کرانہیں بھی ختم کیا جاسکے۔
عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رکھیں گے۔
بیان کے مطابق یہ کارروائیاں ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت کی جارہی ہیں، جس کی منظوری وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان نے دی تھی۔
آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشتگردی کی مہم جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں:خضدار میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، بارود سے بھری 2 گاڑیاں تباہ، 4 دہشتگرد ہلاک
واضح رہے کہ بلوچستان میں طویل عرصے سے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف آپریشنز جاری ہیں۔ سیکیورٹی ادارے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیوں کے ذریعے دہشتگردوں کے نیٹ ورکس، ٹھکانوں اور معاونت کے ڈھانچے کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔
حالیہ کارروائیوں میں بیک وقت بلوچستان کے متعدد اضلاع کو ہدف بنانا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا دائرہ اور رفتار برقرار رکھے ہوئے ہیں۔














