عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار ارینا سبالینکا کو یو ایس اوپن 2026 کے تیسرے راؤنڈ کے میچ کے دوران اس وقت کھیل روکنا پڑ گیا جب لوئس آرم سٹرانگ اسٹیڈیم میں چرس کی تیز بو پھیل گئی۔
بیلاروس کی ٹاپ سیڈ سبالینکا ازبکستان کی کامیلا رخیمووا کے خلاف میچ کھیل رہی تھیں اور اس وقت 0-3 کی برتری حاصل کرچکی تھیں کہ اچانک انہیں چرس کی شدید بو محسوس ہوئی۔
سبالینکا نے امپائر ایوا اسدراکی مور کی توجہ اس جانب مبذول کرائی، جس کے بعد کچھ دیر کے لیے کھیل روک دیا گیا۔
سبالینکا نے امپائر سے کہا کہ کوئی شخص چرس پی رہا ہے اور بو انتہائی تیز ہے، جس سے کھیل پر توجہ مرکوز کرنا مشکل ہو رہا ہے۔
The competition isn't the only thing 'high' at the US Open, with Aryna Sabalenka stopping mid-match over the overpowering smell of cannabis.
The world number one paused play to alert the umpire, telling her "someone is smoking weed", saying the smell was making it tricky to… pic.twitter.com/X0mHHDHq0d
— 10 Sport (@10SportAU) September 5, 2026
مختصر تعطل کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوگیا اور عالمی نمبر ایک کھلاڑی نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلہ اسٹریٹ سیٹس میں جیت لیا۔
میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سبالینکا نے کہا کہ انہیں ٹورنامنٹ کے دوران پہلے بھی چرس کی بو محسوس ہوئی تھی، تاہم میچ کے دوران اس قدر شدید بو کا یہ پہلا تجربہ تھا۔
ان کے مطابق تیز ہوا ممکنہ طور پر باہر سے بو کو اسٹیڈیم کے اندر لے آئی۔
سبالینکا نے کہا کہ انہیں اس بات پر اعتراض نہیں کہ لوگ اپنی مرضی سے لطف اندوز ہوں، تاہم شائقین کو ٹینس کورٹس کے قریب سگریٹ نوشی سے گریز کرنا چاہیے۔

انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ لوگ جو چاہیں کریں اور جس طرح چاہیں آرام کریں، لیکن ٹینس کورٹ کے قریب ایسا نہ کریں کیونکہ بہترین کارکردگی دینے کی کوشش کے دوران اس بو کو برداشت کرنا مشکل ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ نیویارک کے فلشنگ میڈوز میں چرس کی بو کا محسوس ہونا کوئی نیا معاملہ نہیں۔ ماضی میں بھی ٹینس کھلاڑی اس حوالے سے شکایات کرچکے ہیں۔
یو ایس اوپن کے احاطے میں سگریٹ نوشی کی اجازت نہیں، تاہم نیویارک میں 21 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے تفریحی استعمال کے لیے چرس قانونی ہے اور قریبی فلشنگ میڈوز-کورونا پارک سے آنے والا دھواں ہوا کے ذریعے ٹینس کمپلیکس تک پہنچ سکتا ہے۔
Aryna Sabalenka was asked about the smell of weed in her match;
"I was like, guys you can do whatever, you can smoke but please don’t do it around the tennis courts. It’s a bit tricky to handle that smell while you’re trying to compete at your best! 😄" pic.twitter.com/VE4iMcitBK
— Pavvy G (@pavyg) September 4, 2026
عالمی نمبر 3 جیسیکا پیگولا نے بھی سبالینکا کے خدشات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ نیویارک میں ایسی صورتحال شہر کے مجموعی ماحول کی عکاسی کرتی ہے، تاہم ٹینس مقابلوں کے دوران دیگر عوامل کو کھیل میں خلل ڈالنے سے روکنے کے لیے مزید اقدامات کیے جانے چاہئیں۔
پیگولا نے کہا کہ ٹینس مقابلوں میں شائقین کے لیے مخصوص آداب ہوتے ہیں اور چرس پینا ایسی چیز ہے جس سے میچ کے دوران گریز کیا جانا چاہیے۔
یہ واقعہ یو ایس اوپن میں انفلوئنسرز اور کانٹینٹ کری ایٹرز کی بڑھتی ہوئی موجودگی اور کھیل کے دوران کھلاڑیوں کے لیے ماحول سے متعلق جاری بحث کے دوران پیش آیا ہے۔













