پاکستان نے دفاع اور سفارتکاری میں خود کو منوا لیا، اب معیشت کی باری ہے، سفیر پاکستان رضوان شیخ

ہفتہ 5 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان نے دفاع کے میدان میں اپنی صلاحیت اور عزم ثابت کردیا ہے، جبکہ سفارتکاری کے ذریعے بھی عالمی اور علاقائی امن و استحکام میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے، اب اگلا اہم ہدف معاشی خودمختاری کا حصول ہونا چاہیے۔

واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم دفاع و شہدائے پاکستان کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رضوان سعید شیخ نے کہا کہ یوم دفاع قوم کے عزم، شجاعت اور ان عظیم قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے جو ملک کے دفاع کے لیے دی گئیں۔ تقریب میں غیر ملکی سفارتکاروں، ملٹری و سروس اتاشیوں، امریکی حکام اور پاکستانی نژاد امریکی شہریوں نے شرکت کی۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ 1965 کی جنگ کے دوران پاکستانی قوم نے اتحاد، حوصلے اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی آزادی اور سرحدوں کا دفاع کیا۔ انہوں نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور ملک کے دفاع کے لیے قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور امریکا کے تعلقات کئی دہائیوں کی بلند ترین سطح پر ہیں، سفیر رضوان سعید شیخ

رضوان سعید شیخ کے مطابق گزشتہ 16 ماہ کے دوران پاکستان نے دفاع اور سفارتکاری، دونوں شعبوں میں اپنی صلاحیت دنیا کے سامنے ثابت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دفاع کے ذریعے خود کو خطے میں استحکام کی قوت کے طور پر منوایا جبکہ سفارتکاری کے ذریعے بھی عالمی سطح پر امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے۔

پاک امریکا تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کئی شعبوں تک پھیل چکا ہے، جن میں معیشت، انسداد دہشتگردی، سیکیورٹی، قدرتی آفات سے نمٹنے، انسانی امداد اور مشترکہ فوجی تربیت شامل ہیں۔ ان کے بقول پاک امریکا تعلقات نہ صرف دوطرفہ بلکہ عالمی تناظر میں بھی اہمیت رکھتے ہیں۔

رضوان سعید شیخ نے پاکستانی نژاد امریکی برادری کو دونوں ملکوں کے درمیان ایک اہم پل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب انہیں پاکستان کی معاشی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا حال اور مستقبل مشرقِ وسطیٰ سے جڑا ہے، سفیر رضوان سعید شیخ

انہوں نے کہا کہ جب پاکستان کا دفاع مضبوط اور سفارتکاری مؤثر ثابت ہوچکی ہے تو اب ملک کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کی ضرورت ہے۔ یہ ہمارا اگلا معرکہ ہے، ہمیں تعاون، شراکت داری اور بیرون ملک پاکستانیوں کے کردار کے ذریعے اپنی معاشی خودمختاری کا تعین، فروغ اور تحفظ کرنا ہوگا۔

تقریب سے دفاعی اتاشی بریگیڈیئر محمد ابوبکر نے بھی خطاب کیا اور افواج پاکستان کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوم دفاع ملک کی خودمختاری کے تحفظ کے مشترکہ عزم کی یاد دہانی ہے۔ تقریب کا اختتام پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کے ساتھ ہوا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp