شہریوں کو پاسپورٹس کے حصول میں سہولت فراہم کرنے کے لیے محکمہ پاسپورٹس نے ملک بھر میں پاسپورٹ ڈیلیوری کاؤنٹرز ہر ہفتے کے روز بھی کھلے رکھنے کا اعلان کردیا۔
محکمہ پاسپورٹس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملک بھر کے پاسپورٹ ڈیلیوری کاؤنٹرز ہفتہ کے روز صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک شہریوں کو خدمات فراہم کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: شہریوں کے لیے بڑی سہولت: نادرا سینٹرز پر پاسپورٹ پروسیسنگ شروع کرنے کی تجویز پر غور
ہفتہ وار پاسپورٹ ڈیلیوری کی یہ خصوصی سہولت آئندہ 2 ماہ تک جاری رہے گی۔
اعلامیے کے مطابق شہری معمول کے ورکنگ ڈیز کے علاوہ ہفتہ کے روز بھی اپنے تیار شدہ پاسپورٹس متعلقہ ڈیلیوری کاؤنٹرز سے وصول کرسکیں گے۔
Pakistan passport offices to open on Saturdays for two monthshttps://t.co/cFTpm97lvo
— Anees Hanif (@anees_avis) September 4, 2026
اس اقدام کا مقصد شہریوں کو اضافی سہولت فراہم کرنا اور پاسپورٹس کی بروقت وصولی کو یقینی بنانا ہے، خصوصاً ان افراد کے لیے جو مصروفیات یا دیگر وجوہات کے باعث ہفتے کے دوران پاسپورٹ وصول نہیں کرپاتے۔
محکمہ پاسپورٹس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے تیار پاسپورٹس مقررہ مدت کے اندر وصول کرلیں۔
مزید پڑھیں: وزیر داخلہ محسن نقوی کا کراچی پاسپورٹ آفس اور ایئرپورٹ کا دورہ، سہولیات میں اضافے کا اعلان
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ایسے پاسپورٹس جو 6 ماہ سے زائد عرصے تک وصول نہیں کیے جائیں گے، انہیں حکومتی پالیسی کے تحت تلف کردیا جائے گا۔
پاسپورٹ کے حصول اور اس کی بروقت ڈیلیوری شہریوں کے لیے اہم انتظامی ضرورت ہے، تاہم، شہریوں کو یہ بھی یقینی بنانا ہوگا کہ تیار پاسپورٹ مقررہ مدت میں وصول کرلیا جائے۔
دوسری صورت میں 6 ماہ سے زائد عرصے تک وصول نہ ہونے والے پاسپورٹس حکومتی پالیسی کے مطابق تلف کیے جاسکتے ہیں۔














