پنجاب میں کرپشن کے خلاف فیصلہ کن راؤنڈ شروع ہوچکا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے حکم پر ہر محکمے میں کرپشن کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں جاری ہیں۔ کرپشن کے الزام میں 54 افسر اور اہلکار معطل اور ملازمت سے برخاست ہوچکے ہیں جبکہ گرفتاریاں اور مقدمات بھی درج ہوچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق محکمہ خوراک میں کرپشن کرنے والوں کی شامت آگئی، 48 افسر اور اہلکار گرفت میں آگئے۔ بہاولپور میں 6 فوڈ گرین انسپکٹر اور چوکیدار ملازمت سے فارغ ہوگئے۔ فارغ کیے جانے والوں میں فوڈ گرین انسپکٹر ساجد محمود خان، محمد سلیم، عاصم علی، عبدالرشید، محمد اسحاق اور طارق رشید شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں کرپشن کے خلاف گرینڈ آپریشن، خصوصی خفیہ سیل قائم، گرفتاریاں شروع
گوجرانوالہ کے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر ابوبکر رضا اور بابر جاوید، شفیق، انصار بٹر، محمد نثار، سینئر کلرک وقار احمد، ذوالفقار علی، محمد علی شاہین اور عاطف حسین کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
بہاولپور میں وسیم طلحہ، ہارون عبداللہ اور عمر حیات چوکیدار بھی ملازمتوں سے فارغ ہوگئے۔
سرگودھا کے فوڈ گرین انسپکٹر ندیم شہزاد، ملتان کے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر ہمایوں شوکت بھٹی اور چوکیدار رضاقت علی کو بھی ملازمت سے فارغ کردیا گیا۔
ڈی جی خان میں فوڈ گرین انسپکٹر رانا عبدالستار، گجرات کے فوڈ گرین انسپکٹر حذیفہ یونس، جبکہ فیصل آباد میں پی آر چوکیدار اللہ دتہ، عبدالغفار اور شہباز احمد کے خلاف کارروائی کی گئی۔
محکمہ خوراک نے کرپشن کے الزام میں 14 فوڈ کنٹرولر کے خلاف تادیبی کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے۔ بہاولنگر کے محمد فیصل، اوکاڑہ کے محمد مسلم، نارووال کے عبدالمجید خان، رحیم یار خان کے محمد علی، ڈی جی خان کے خادم حسین اور میانوالی کے عبدالرحمان کو کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔
ساہیوال میں عمران بلوچ، ڈی جی خان کے رانا بن یامین، گجرات کے محمد خالد، اٹک کے رمضان سیال اور چکوال کی سدرہ معراج کے خلاف بھی تادیبی کارروائی کی گئی۔
لیہ کے رانا ریاض، گوجرانوالہ میں علی عمران، بہاولنگر کے عدیل احمد اور میانوالی کے خادم فراز بھی کارروائی کی زد میں آگئے۔
وہاڑی اینٹی کرپشن نے چھاپہ مار کر سیکریٹری یونین کونسل ریاض احمد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ریاض احمد کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
شیخوپورہ میونسپل کارپوریشن کے سینیئر کلرک محمد اشرف کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
فیصل آباد میں ٹریپ ریڈ کرکے کمپیوٹر آپریٹر زین السلام اور سیکرٹری یونین کونسل محمد اسلم کو گرفتار کرلیا گیا۔
بہاولنگر میں غلام مرتضیٰ کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ منڈی بہاؤالدین میں لوکل گورنمنٹ کے جونیئر کلرک مدثر اقبال کو اینٹی کرپشن نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ہے۔
گوجرانوالہ میں پی ایچ اے کے فیلڈ آفیسر قمر زمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف مہم کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، کرپشن فری پنجاب ہماری منزل ہے۔














