کراچی کے علاقے ڈیفنس میں نوجوان پر مبینہ تشدد کے واقعے میں پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ نے ملزمان کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔
متاثرہ نوجوان علی جعفری کے مطابق وہ 29 اگست کو دوستوں کے ہمراہ ڈیفنس فیز 6 میں کھانا کھانے گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیفینس کراچی واقعہ: بااثر افراد کے دباؤ پر مقدمہ درج کرنے کا الزام، ایف آئی آر چیلنج
کھانا کھانے کے بعد جب وہ باہر نکلا تو کسی شخص نے اس کے سر پر ڈنڈا مارا، جس کے نتیجے میں وہ بے ہوش ہوگیا۔
علی جعفری کا دعویٰ ہے کہ ملزمان اسے گاڑی میں ڈال کر اپنے ساتھ لے گئے اور وہاں اس پر تشدد کیا گیا۔
کراچی کی ویڈیو ہے، بگڑے رئیس زادے لگ رہے ہیں، گھر سے کھانا کھانے نکلے نوجوان کو زدوکوب کر کے ویرانے میں لے گئے، بیس بال کے ڈنڈے مارے، ایک بدمعاش کمر پر چڑھ گیا، بیچارے کے بال جڑوں سے اُکھاڑ دیئے، دوسرا بدمعاش پستول تانے کھڑا رہا، لاقانونیت کی انتہا۔۔!!https://t.co/0u6lyobOjI
— Khurram Iqbal (@khurram143) September 5, 2026
اس کا کہنا ہے کہ ایک لڑکا اس پر پستول تان کر کھڑا رہا، جبکہ ملزمان اسے معافی مانگنے پر مجبور کرتے رہے۔
متاثرہ نوجوان کے مطابق ملزمان نے اس سے رقم بھی طلب کی اور اس کے اکاؤنٹ سے خریداری بھی کی۔
مزید پڑھیں: کراچی میں تشدد کے شکار نوجوان نے گرفتار ملزمان کو معاف کردیا
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کا گزری تھانے کی حدود میں واقع ایک گیمنگ زون میں جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد مبینہ تشدد کا واقعہ پیش آیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ گرفتار ملزمان سے تفتیش کے ذریعے واقعے کے محرکات اور دیگر حقائق معلوم کیے جا رہے ہیں۔














