شہدا کی قربانیاں ہمارا حوصلہ، ملک دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنائیں گے، اسحاق ڈار

اتوار 6 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر مسلح افواج کے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کی سرپرستی میں چلنے والے ’فتنہ الہندوستان‘ اور ’فتنہ الخوارج‘ کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو وطن کا دفاع کرنے والے مسلح افواج کے جوانوں کی شجاعت، قربانی اور استقامت قوم کے لیے باعثِ فخر اور مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے شہدا اور غازیوں کے خاندانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام کی بھرپور حمایت کے ساتھ مسلح افواج نے ’معرکۂ حق‘ اور ’آپریشن بنیانِ مرصوص‘ کے دوران بھی اسی جذبے اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا اور ملکی سلامتی و خودمختاری کا دفاع کیا۔ ان کے مطابق ان کارروائیوں نے ہر قسم کی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی پاکستان کی صلاحیت ثابت کردی۔

انہوں نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں میں مصروف سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ملک دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنانے کا عزم برقرار ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور خطے میں پرامن بقائے باہمی اور مذاکرات پر یقین رکھتا ہے، تاہم جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ جموں و کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:یومِ دفاع و شہدا: عسکری قیادت کا شہدا کو خراج عقیدت، کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں، ان کی بہادری اور پاکستانی عوام کا عزم ملک کی اصل طاقت ہیں اور یہی جذبہ ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے میں رہنمائی فراہم کرتا رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp