ماسکو میں پیوٹن اور امریکی ایلچیوں کی اہم ملاقات، یوکرین جنگ پر کوئی پیشرفت نہ ہوسکی

اتوار 6 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی اور روسی حکام کے درمیان یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے ماسکو میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے مذاکرات کو کریملن نے مفید اور تعمیری قرار دیا ہے، تاہم تین گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ملاقات کے باوجود جنگ بندی یا امن معاہدے کی جانب کوئی فوری پیش رفت نہ ہوسکی۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ماسکو میں امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر سے 3 گھنٹے 10 منٹ تک ملاقات کی، جس میں یوکرین جنگ ختم کرنے کے ممکنہ راستوں اور مستقبل کے امن معاہدے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

کریملن کے معاون یوری اوشاکوف کے مطابق مذاکرات انتہائی واضح، تعمیری اور سنجیدہ ماحول میں ہوئے۔ انہوں نے ملاقات کو بروقت اور مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ فریقین نے متعدد اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی، تاہم کسی فوری پیش رفت یا حتمی معاہدے تک نہیں پہنچا جاسکا۔

امریکی نمائندوں نے جنگ کے خاتمے اور ممکنہ تصفیے کے لیے متعدد تجاویز روسی قیادت کے سامنے رکھیں۔ اس کے جواب میں صدر پیوٹن نے واضح کیا کہ ماسکو اپنے جنگی اہداف حاصل کرنے کے لیے پُراعتماد ہے اور میدانِ جنگ میں روسی پیش قدمی کا بھی حوالہ دیا۔

یہ بھی پڑھیں:برطانیہ کو یوکرین جنگ میں مداخلت پر روس کی سخت دھمکی، فوجی تنصیبات نشانہ بنانے کا انتباہ

روسی صدر نے مؤقف دہرایا کہ کسی بھی پائیدار امن معاہدے کے لیے تنازع کی بنیادی وجوہات کا حل ضروری ہوگا۔ مذاکرات میں یوکرین جنگ کے علاوہ روس اور امریکا کے درمیان اقتصادی معاملات اور مستقبل میں بڑے مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی۔

ماسکو میں ملاقات کے بعد امریکی نمائندے کیف روانہ ہوگئے، جہاں وہ یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات کریں گے اور روسی قیادت کے ساتھ ہونے والی بات چیت اور تجاویز سے انہیں آگاہ کریں گے۔

امریکی اور روسی رابطوں کے دوران دارالحکومت کیف میں فضائی حملوں میں مختصر اور عارضی وقفے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جاسکے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ماسکو مذاکرات میں فوری پیش رفت نہ ہونا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے روس، امریکا اور یوکرین کے درمیان اہم اختلافات اب بھی موجود ہیں، تاہم اعلیٰ سطح پر براہ راست رابطوں کا جاری رہنا سفارتی حل کی کوششوں کے لیے اہم پیش رفت تصور کیا جارہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp