میامی ایئرپورٹ پر ایمازون کا کارگو طیارہ حادثے کا شکار، 5 افراد ہلاک

پیر 7 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی شہر میامی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایمازون پرائم ایئر کا کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسل کر حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے، جن میں 3 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

مقامی حکام کے مطابق پرائم ایئر کی پرواز 7598 اتوار کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً 2 بجے میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ترچھے رن وے سے باہر نکل گئی اور زمین پر موجود متعدد گاڑیوں سے جا ٹکرائی۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی فوج کا بلیک ہاک ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار، عملہ محفوظ

میامی ڈیڈ فائر چیف رے جاداللہ نے بتایا کہ حادثے کے بعد کم از کم 2 افراد گاڑیوں میں پھنس گئے، جبکہ طیارے کے پائلٹ اور معاون پائلٹ بھی جہاز کے اندر پھنس گئے تھے، حکام نے ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی۔

حادثے کے فوراً بعد 60 سے زائد امدادی یونٹس اور تقریباً 200 اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے، فائر چیف کے مطابق اتوار کی شام تک طیارے سے ایندھن کے اخراج کے باعث امدادی کارروائیاں جاری تھیں۔

حادثے کے بعد میامی ایئرپورٹ سے تمام پروازوں کی آمدورفت عارضی طور پر روک دی گئی، تاہم اتوار کی شام تک ایئرپورٹ کے چار میں سے 2 رن وے دوبارہ کھول دیے گئے تھے۔

حادثے کا شکار طیارہ بوئنگ 767-300 مال بردار جہاز تھا، جس کی عمر تقریباً 32 سال تھی، فلائٹ ٹریکنگ سروس فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق طیارہ پورٹو ریکو کے شہر سان خوان سے میامی پہنچا تھا اور رن وے سے باہر نکلتے وقت اس کی رفتار تقریباً 112 ناٹ، یعنی 129 میل فی گھنٹہ، تھی۔

مزید پڑھیں: امریکا میں اسکائی ڈائیونگ طیارہ حادثہ، ابتدائی رپورٹ کیا کہتی ہے؟

ایمازون کے ترجمان کے مطابق طیارہ کارگو ایئرلائن 21 ایئر کے ذریعے ایمازون کے لیے آپریٹ کیا جا رہا تھا، 21 ایئر نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔

حادثے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر میں طیارے کا اگلا حصہ زمین پر جبکہ پچھلا حصہ فضا میں بلند دکھائی دیا۔ جہاز کے دائیں حصے پر جلنے کے نشانات بھی نظر آئے۔

امریکی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے حادثے کی تحقیقات کے لیے چیئرپرسن جینیفر ہومینڈی کی قیادت میں تحقیقاتی ٹیم میامی روانہ کردی ہے۔

ایمازون کا کہنا ہے کہ کمپنی حادثے کی تفصیلات جمع کر رہی ہے اور مقامی حکام کے ساتھ مل کر واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے کام کر رہی ہے۔ بوئنگ اور 21 ایئر نے بھی حکومتی تحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ایمازون پرائم ایئر سے وابستہ کسی طیارے کا یہ پہلا مہلک حادثہ نہیں، فروری 2019 میں اٹلس ایئر کی پرواز 3591، جو ایمازون پرائم ایئر کے لیے میامی سے ہیوسٹن جا رہی تھی، ٹیکساس کی ٹرینیٹی بے میں گر کر تباہ ہوگئی تھی۔ حادثے میں طیارے میں سوار تینوں افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp