لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں پیر کے روز ایک فیکٹری میں تیسرے درجے کی شدید آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیمیں، فائر بریگیڈ کی گاڑیوں اور ایمبولینسز کو جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان حسان خان کے مطابق سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو فیکٹری میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ہنگامی رسپانس ٹیم نئ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گل پلازا آتشزدگی، سرکاری اداروں کی غفلت ثابت نہ ہوسکی، ایسوسی ایشن ذمہ دار قرار
انہوں نے بتایا کہ فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں کی کئی گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے باوجود آگ پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا جاسکا۔
ترجمان کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ فیکٹری میں موجود تمام کارکنوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
کراچی،لانڈھی آتشزدگی کا معاملہ،آگ کی شدت میں کمی نہیں آسکی۔آگ نے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ آگ پر قابو پانے میں دو سے تین گھنٹے مزید لگ سکتے ہیں۔ چیف فائر آفیسر ہمایوں خان pic.twitter.com/47dNYBCmm3
— Ali Tanoli (@alitanoli889) September 7, 2026
حسان خان نے بتایا کہ فیکٹری کی عمارت میں 3 افراد عارضی طور پر پھنس گئے تھے، جو شدید دھویں کے باعث دم گھٹنے سے متاثر ہوئے۔
ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تینوں افراد کو بحفاظت عمارت سے باہر نکال لیا۔
دوسری جانب کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق فائر بریگیڈ نے آگ بجھانے کے لیے فوری طور پر پانی کی فراہمی میں معاونت کی درخواست کی تھی۔
مزید پڑھیں: بنوں اسپتال کے یورولوجی وارڈ میں آتشزدگی، تمام مریض محفوظ رہے
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی کی ہدایت پر لانڈھی اور شیرا پاؤ ہائیڈرنٹس پر ہنگامی اقدامات فعال کردیے گئے، جبکہ فائر فائٹنگ آپریشن کے لیے پانی سے بھرے ٹینکرز فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق ہائیڈرنٹس سیل کے انچارج مسلسل فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام سے رابطے میں رہے، جبکہ ہائیڈرنٹس سیل آپریشنز کے لیے سی ای او کے فوکل پرسن نے امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کی۔
مزید پڑھیں: پمز آتشزدگی کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ نے فائر سیفٹی آڈٹ کی درخواست پر وفاق سے رپورٹ طلب کرلی
انہوں نے کہا کہ آگ بجھانے کے دوران فائر بریگیڈ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آگ مکمل طور پر بجھنے تک فائر بریگیڈ کو پانی کے ٹینکرز فراہم کیے جاتے رہیں گے، جبکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ریسکیو اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جارہا ہے۔













